اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کسی ایک صوبے یا علاقے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام کا ادارہ ہے، تمام صوبوں کو ریلوے کی سہولیات تک مساوی رسائی فراہم کی جائے گی، جناح پیپلز ٹرین سروس کا آغاز بلوچستان اور وفاق کے درمیان بہتر سفری رابطے کی جانب اہم قدم ہے، اس منصوبے کی تکمیل کا کریڈٹ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ان کی کابینہ کو جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر 32کلومیٹر فاصلے پر نئی جناح پیپلز ٹرین سروس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، رکن قومی اسمبلی و پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، صوبائی وزیر تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ، صوبائی وزیر منصوبہ بندی میر ظہور بلیدی، وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی، وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ، وزیر ریونیومیر عاصم کرد گیلو، پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی، پارلیمانی سیکرٹری حاجی محمد خان لہڑی، ارکان اسمبلی ڈاکٹر مالک بلوچ، ملک نعیم بازئی، سید ظفر علی آغا، میر عبید گورگیج، صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری، مشیر ماحولیات نسیم الرحمان ملاخیل، مشیر کھیل مینا مجید بلوچ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر اور دیگر حکام و سیاسی رہنما موجود تھے۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ تقریب میں توقعات سے بڑھ کر لوگوں کی شرکت اور ان کے بھرپور جذبے کا اظہار خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں ہمت اور طاقت دی ہے اور وہ اپنی بات کا کھل کر اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں چیئرمین ریلوے نے بھرپور تعاون کیا، جبکہ عوام کی موجودگی میں اس منصوبے کا کریڈٹ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ان کی کابینہ کو جاتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ 78سال کے دوران وزارت ریلوے اور صوبوں کے درمیان رابطوں کا فقدان رہا، تاہم اب تمام صوبوں کو ریلوے کی سہولیات تک رسائی دینے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے پاکستان کسی ایک شخص یا صوبے کا نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بھی ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ ریلوے کی سہولیات تک تمام صوبوں کی رسائی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور بلوچستان نے سب سے پہلے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا، جس پر انہیں بے حد خوشی ہے۔