اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔پاکستان نے قرضوں کی قبل از وقت ادائیگی میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مزید 1200 ارب روپے کا قرض مقررہ مدت سے پہلے ادا کردیا، جو ملک کی تاریخ میں ایک موقع پر کی جانے والی سب سے بڑی قبل از وقت قرض ادائیگی قرار دی گئی ہے۔ حالیہ ادائیگی کے بعد پاکستان کی جانب سے مقررہ مدت سے پہلے ادا کیے جانے والے قرضوں کا مجموعی حجم بڑھ کر تقریباً 5920 ارب روپے ہوگیا ہے
وزارت خزانہ کے مطابق قرضوں کی قبل از وقت ادائیگی مؤثر قرض مینجمنٹ اور مالی نظم و ضبط کی جانب اہم پیش رفت ہے، جس کے نتیجے میں مستقبل میں بڑے قرضوں کی ادائیگی کے دباؤ اور ری فنانسنگ کے خطرات میں کمی آئے گی، جبکہ حکومت کو مالی معاملات میں مزید گنجائش حاصل ہوگی۔مشیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان نے رواں مالی سال 2026-27 کے دوران اب تک مزید 1200 ارب روپے کا قرض مقررہ مدت سے پہلے ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی مؤثر مالیاتی پالیسیوں اور بہتر قرض مینجمنٹ کے باعث قبل از وقت قرض ادائیگی کا عمل تیز ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے اگست 2025 میں مقررہ مدت سے پہلے قرض کی 1133 ارب روپے کی ریکارڈ ادائیگی کی تھی، تاہم موجودہ 1200 ارب روپے کی ادائیگی نے سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔
مالی سال 2025-26 کے دوران بھی مجموعی طور پر تقریباً 2900 ارب روپے کا قرض مقررہ مدت سے پہلے ادا کیا گیا تھا۔مشیر خزانہ نے کہا کہ قبل از وقت قرض ادائیگیوں سے حکومت کے ذمے واجب الادا قرضوں کے مجموعی حجم میں کمی آئے گی اور آئندہ برسوں میں بڑی ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان کی قرض مینجمنٹ اب روایتی ادائیگیوں تک محدود نہیں بلکہ سرکاری مالی پوزیشن کو مزید مستحکم بنانے کی سمت آگے بڑھ رہی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق قبل از وقت ادائیگیوں سے مستقبل میں قرضوں کی ری فنانسنگ کے خطرات کم ہوں گے اور حکومت کو مالی وسائل کے بہتر استعمال کے مواقع میسر آئیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قرضوں کے بوجھ میں کمی سے معیشت کے لیے مزید مالی گنجائش پیدا ہونے کی توقع ہے۔وزارت خزانہ نے موجودہ پیش رفت کو مالی نظم و ضبط، فعال قرض مینجمنٹ اور اقتصادی استحکام کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت قرضوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ مالیاتی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔