کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان کاکڑ کی زیر صدارت صفاء کوئٹہ پروجیکٹ اور سرکلر پارکنگ پلازہ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا
کوئٹہ 18 اگست2025: کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان کاکڑ کی زیر صدارت صفاء کوئٹہ پروجیکٹ اور سرکلر پارکنگ پلازہ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کے افسران، کنٹریکٹرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں دونوں منصوبوں کے مالی و تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کے بروقت فعال کرنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شاہ زیب خان کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ اور پارکنگ کے مسائل نے شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں۔ ان مسائل کے مستقل حل کے لیے سرکلر پارکنگ پلازہ کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ پلازہ میں تمام ضروری سہولیات جیسے سیکیورٹی، روشنی، صفائی اور ٹیکنیکل سپورٹ فوری طور پر فعال کی جائیں تاکہ شہریوں کو ایک جدید، محفوظ اور معیاری پارکنگ سہولت میسر ہو۔کمشنر نے صفاء کوئٹہ پروجیکٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ شہر کی صفائی، خوبصورتی اور بہتر شہری ماحول کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ اس کے مالی اور انتظامی مسائل کو فوری طور پر حل کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ کوئٹہ کے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ صفائی کی صورتحال میں بہتری نہ صرف عوامی مشکلات کو کم کرے گی بلکہ شہر کی مجموعی تصویر کو بھی نکھارے گی۔کمشنر شاہ زیب خان کاکڑ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت عوامی سہولت کے ہر منصوبے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی ترقیاتی منصوبے کو ادھورا چھوڑنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون کے ساتھ ایسے اقدامات کریں جس سے دونوں منصوبے جلد از جلد فعال ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف شہر میں ٹریفک کے دباؤ اور پارکنگ کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ شہری سہولتوں میں اضافہ اور کوئٹہ کی خوبصورتی میں بھی بہتری پیدا ہو گی۔