صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور مسافر بسوں میں سمگلنگ اور خفیہ خانوں کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے وحید شریف عمرانی
کوئٹہ 28 اگست2025: سیکرٹری پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان وحید شریف عمرانی نے کہا ہے کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور مسافر بسوں میں سمگلنگ اور خفیہ خانوں کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔یہ بات انہوں نے پبلک ٹرانسپورٹ میں خفیہ خانوں اور اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری پی ٹی اے نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں، اس سلسلے میں کوئٹہ اور تربت کے لیے 21 نئی بسوں کی منظوری شامل ہے، جو بہت جلد عوام کو روڈ پر سفر کرتے ہوئے نظر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ مسافر بسوں میں خفیہ خانوں کے ذریعے ممنوعہ اشیاء اور سمگلنگ کے سامان کی ترسیل نہ صرف ٹرانسپورٹروں بلکہ مسافروں کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔ اس عمل کو روکنے کے لیے انتظامیہ بھرپور کارروائی کرے گی اور جن گاڑیوں میں خفیہ خانے یا سمگلنگ پائی گئی ان کے روٹ پرمٹ منسوخ کر دیے جائیں گے۔سیکرٹری وحید شریف عمرانی نے ٹرانسپورٹروں پر زور دیا کہ وہ مالی مشکلات اور پریشانیوں سے بچانےکے لیے اس حوالے سے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ مسافروں کو اذیت اور مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں پہلے ہی متحرک کر دیا گیا ہے اور صوبے میں قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سمگلنگ کے حوالے سے عوام اور ٹرانسپورٹروں میں آگاہی مہم بے حد ضروری ہے