۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے استعفے کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے،گورنر فیصل کریم کنڈی نے دستخطوں میں تضاد کی نشاندہی کرتے ہوئے استعفے کی صداقت پر سوال اٹھا دیا۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے استعفے کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا ہے، جب گورنر فیصل کریم کنڈی نے دستخطوں میں فرق ہونے کی وجہ سے علی امین گنڈا پور کے دو استعفے واپس کر دیے ہیں۔
اور انہیں 15 اکتوبر (بدھ) کو گورنر ہاؤس میں طلب کر لیا ہے تاکہ معاملہ حل کیا جا سکے۔یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب پیر کی صبح 10 بجے خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے ایجنڈے کے ساتھ طلب کیا گیا ہے۔گزشتہ رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ’وزیراعلیٰ کا استعفیٰ اعتراض کے ساتھ واپس کر دیا گیا ہے۔انہوں نے ایک خط جاری کیا جو علی امین گنڈاپور کے نام تھا، اس میں بتایا گیا کہ گورنر ہاؤس کو 8 اور 11 اکتوبر کو دو استعفے موصول ہوئے، لیکن دونوں پر دستخط ایک جیسے نہیں تھے۔خط میں لکھا گیا کہ چونکہ میں شہر سے باہر ہوں اور 15 اکتوبر کی شام پشاور واپسی کا ارادہ رکھتا ہوں لہٰذا آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ 15 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے گورنر ہاؤس تشریف لائیں تاکہ مبینہ استعفوں کی صداقت کی تصدیق کی جا سکے اور معاملے کو آئینِ پاکستان کے مطابق حل کیا جا سکے۔دوسری جانب علی امین گنڈاپور نے ایکس پر گورنر کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آخرکار 8 اکتوبر کو جمع کرایا گیا وہ استعفیٰ، جسے پہلے گورنر آفس نے مسترد کیا تھا، تسلیم کر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے دونوں استعفوں پر ان کے اصلی دستخط موجود ہیں۔
8 اکتوبر کو علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا تھا کہ وہ صوبائی چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں، پارٹی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے تصدیق کی تھی کہ چیئرمین عمران خان نے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ مقرر کرنے کی ہدایت دی ہے۔علی امین گنڈاپور کی جانب سے ایکس پر شیئر کیا گیا استعفے کا خط ان کے سرکاری لیٹرہیڈ پر ٹائپ شدہ اور دستخط شدہ تھا تاہم یہ ابتدائی استعفیٰ بظاہر انتظامی پیچیدگیوں میں گم ہو گیا اور گورنر ہاؤس نے اس کی وصولی سے انکار کر دیا۔11 اکتوبر کو گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر ہاؤس کو علی امین گنڈاپور کا ایک دستی تحریر شدہ استعفیٰ موصول ہوا ہے، آئین اور متعلقہ قوانین کے تحت تفصیلی جانچ کے بعد یہ استعفیٰ مناسب وقت پر پراسیس کیا جائے گا۔
اس سے ایک دن قبل پی ٹی آئی کے ایک پارلیمانی وفد نے اسلام آباد میں گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی تھی، وفد میں اسد قیصر، عاطف خان، جنید اکبر اور دیگر شامل تھے۔پی ٹی آئی کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دوران جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی سے تعاون مانگا تھا، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوری روایات کو اہمیت دینے کا دعویٰ کرتی آئی ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا تھا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ آئینی تقاضوں کے مطابق قبول کیا جائے گا، انہوں نے صوبے میں امن اور عوامی خدمات کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا