۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔سابق وزیر سینیٹر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ 27ویں ترمیم حکومت کا اقدام ہے، وہ ہی سب سے رابطے کرے گی، 27ویں ترمیم کے لیے بے تاب نہ ہوں، میں تو 28ویں کی تیاری پر کھڑا ہوں۔ سابق وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے امیر جے یوآئی مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں جے یوآئی کے مرکزی ترجمان اسلم غوری بھی شریک تھے۔
سینیٹر فیصل واڈا نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، مولانا فضل الرحمن بڑے مضبوط سیاستدان ہیں،27ویں ترمیم کے معاملات کو دیکھیں اور سمجھیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہماری تجاویز پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے وہ اِن تجاویز کا جائزہ لیں گے، سربراہ جے یو آئی (ف) نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، ملکی سیاست میں اْن کا اہم کردار ہے، ملکی سلامتی کے لیے ہمیشہ مولانا فضل الرحمن کو آگے پایا، اْن سے بات کرنی تھی، کر لی اور جو انہوں نے ہمیں بتانی تھیں وہ بتا دی ہیں۔
نمبر گیم پر ہونے والے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے نمبرز پر بات نہیں کی۔سابق پی ٹی آئی رہنما نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نوجوان سہیل آفریدی کا آگے آنا اچھی بات ہے، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، اگراسلام آباد آ کر انتشار کی سیاست کریں گے تو پھینٹا بھی لگے گا اور پابندی بھی۔فیصل واڈا نے کہا کہ سائبر جنگ، بیانیے کی جنگ اور معیشت کی جنگ بھی ہوتی ہے، اپنی افواج کو انرجی دینے کی ضرورت ہے، افواج مضبوط ہوگی تو ملک کا دفاع بھی مضبوط ہوگا، جنگ صرف زمین، سمندر اور فضا میں نہیں ہوتی۔سینیٹر فیصل واڈا نے کہا کہ دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے جو ترامیم چاہیے وہ ہو جائیں گی، پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا