جب تک انصاف قائم نہیں ہوتا پاکستان فلسطینی کیساتھ کھڑا رہے گا، اسحق ڈار

۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی قانون کے مطابق اسرائیل کی جانب سے کیے گئے جنگی جرائم اور نسل کشی پر جوابدہی ناگزیر ہے،غزہ میں اسرائیل کی جاری اور بے دریغ بربریت نے اسے انسانیت اور عالمی ضمیر کا قبرستان بنا دیا ہے، اس صورتحال کو نہ برداشت کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی بغیر انصاف کے چھوڑا جا سکتا ہے۔ بین الاقوامی یوم یکجہتی برائے فلسطینی عوام کے حوالے سے وزارت خارجہ سے اتوار کو جاری پیغام میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ نسل در نسل فلسطینی عوام منظم بے دخلی، جارحیت اور تشدد اور تباہ کن محرومیوں کا سامنا کرتے آئے ہیں، ان کے گھروں، سکولوں، ہسپتالوں اور بنیادی سہولیات نے اس مسلسل آزمائش کا سب سے زیادہ بوجھ اٹھایا ہے۔

فلسطین میں انسانی مصائب کی بے مثال شدت عالمی برادری سے فوری، مضبوط اور عدل و انسانیت کے اصولوں پر مبنی ردعمل کا تقاضا کرتی ہے، بین الاقوامی قانون کے مطابق اسرائیل کی جانب سے کیے گئے جنگی جرائم اور نسل کشی پر جوابدہی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ غزہ میں اسرائیل کی جاری اور بے دریغ بربریت نے اسے انسانیت اور عالمی ضمیر کا قبرستان بنا دیا ہے، اس صورتحال کو نہ برداشت کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی بغیر انصاف کے چھوڑا جا سکتا ہے اس نازک مرحلے پر حالیہ سفارتی کوششیں خصوصاً دو ریاستی حل پر اعلیٰ سطحی کانفرنس اور غزہ امن منصوبہ، تشدد کے نہ ختم ہونے والے سلسلے کو روکنے اور پائیدار امن کے حصول کا ایک حقیقی موقع فراہم کرتی ہیں،اب ضروری ہے کہ عالمی برادری ایک مستقل جنگ بندی کو یقینی بنائے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل پر لازم ہے کہ وہ انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنائے، اپنی تمام افواج کو مکمل طور پر غزہ سے واپس بلائے، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں خصوصاً یو این آر ڈبلیو اے (یونائیٹڈ نیشنز ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی)کے کام میں پوری طرح سہولت فراہم کرے اور غزہ کی فوری تعمیر نو اور بحالی کے لیے ضروری حالات کو ممکن بنائے،اسی طرح مغربی کنارے میں جاری سنگین صورتحال کا حل بھی فوری توجہ کا متقاضی ہے۔

جہاں اسرائیلی غیر قانونی بستیوں کا پھیلاؤ اور ایسے اقدامات جو فلسطینی علاقوں کی جغرافیائی وحدت کو ختم کرتے ہیں، پائیدار امن کی راہ میں سنگین رکاوٹ ہیں،یہ اقدامات بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی اور دو ریاستی حل کی راہ میں براہِ راست رکاوٹ ہیں جو خطے میں منصفانہ اور دیر پا امن کا واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان فلسطینی مسئلے کے منصفانہ، دیرپا اور جامع حل کیلئے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتا ہے، جو متعلقہ سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے مطابق ہے، اس میں ایک آزاد، خودمختار اور متصل ریاستِ فلسطین کا قیام شامل ہے، جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر قائم ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ اس دن اور جب تک انصاف قائم نہیں ہوتا، پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی آزادی، وقاراور ان کی ناقابل تنسیخ حقِ خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.