عوامی صحت کیلئے ایڈز جیسے خطروں کا خاتمہ کرینگے،وزیراعظم

۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ عوامی صحت کیلئے ایڈز جیسے بڑے خطروں کا خاتمہ کرینگے، بیماری سے خلاف تحفظ کو سب تک پہنچایا جائیگا،معاشرے میں اس بیماری سے وابستہ بدنامی اور متاثرہ افراد سے امتیازی سلوک کے خاتمے کیلئے اجتماعی کاوش وقت کی اہم ضرورت ہے،اجتماعی قومی و سیاسی عزم، شعبہ جاتی باہمی تعاون، اور مشترکہ ذمہ داری کے ذریعے ہی پاکستان کی موجودہ رکاوٹوں پر قابو پاکر ہی ایڈز کے خاتمے کی جانب پیش رفت کو تیز کیا جا سکتا ہے۔ایڈز کے عالمی دن پراپنے پیغام میں شہبازشریف نے کہاکہ ایڈزکے عالمی دن پر پاکستان اقوام عالم کے ساتھ بھرپور آواز میں اپنے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ عوامی صحت کے لیے ایڈز جیسے بڑے خطروں کا خاتمہ کریں گے، اور اس بیماری سے خلاف تحفظ کو سب تک پہنچایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ اس سال یہ دن ”رکاوٹوں کو عبور کرنا اور ایڈز کے کی طرف برتاؤ کو تبدیل کرنے“کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔ یہ عنوان نئے اٹھنے والی مشکلات سے نئے عزم کے ساتھ نبرد آزما ہونے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور یاد دلاتا ہے کہ رکاوٹوں، بیماریوں،مشکلات اور سماجی عدم مساوات کے باوجود تمام شہریوں کی صحت اور عزت و وقار کے تحفظ کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ایچ آئی وی کی وبا جہاں دنیا بھر میں نظام صحت کی افادیت اور موثر کارکردگی کا امتحان لے رہی ہے، وہیں یہ ہمیں اس بیماری سے مقابلہ کرنے اور نظام صحت کو مزید موثر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی بنانے کی یاد دہانی بھی کراتی ہے۔

اس بیماری کی طرف عوامی رد عمل اور رویہ کو تبدیل کرنا نہایت ضروری ہے، اس تناظر میں علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے، جدید سہولتیں کو اپنانے اور معاشرتی سطح پر باہمی تعاون کو بڑھاتے ہوئے تمام طبقات تک پہنچنے سے عوامی سطح پر اس بیماری کی طرف رد عمل کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومتی توجہ جہاں نظام صحت کو موثر اور افادیت کو بڑھانے اور عوام تک اس کی رسائی کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے، وہی ایچ۔ آئی۔ وی سے متاثرہ افراد کی آواز کو توجہ دینا بھی نا گزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ صحت کا تخفظ بنیادی شہری حقوق میں شامل ہے،تمام شہری بالخصوص کمزور اور محروم طبقات تک بیماری کی روک تھام، تشخیص، علاج و نگہداشت کی مساوی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے تعاون کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پربھی اقدامات کو بار آور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے میں اس بیماری سے وابستہ بدنامی اور متاثرہ افراد سے امتیازی سلوک کے خاتمے کیلئے جتماعی کاوش وقت کی اہم ضرورت ہے،مجموعی طور پر انسان دوست رویہ، نظام صحت کی جدت اور بہتری کیلئے سرمایہ کاری سے ہی ہم ایچ آئی وی کے طرف اپنے ردِ عمل کو مضبوط، جامع اور موثر بنا سکتے ہیں۔

صحت کے شعبے اور بالخصوص ایڈز کے علاج میں ترقی کے باوجود اسکی عوامی سطح پر تشخیص، علاج تک رسائی اورعوامی آگاہی کے حوالے سے ابھی کام کرنے کی بہت گنجائش موجود ہیں،ہمیں اجتماعی طور پر ان چیلنجز کا ہمدردانہ اور سنجیدہ رویہ کے ساتھ مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ایڈز کے خاتمے کے لئیترجیحی بنیادوں پر کیے جانے والے اقدامات میں خطرے سے دوچار طبقات کی علاج تک رسائی، صنفی امتیازی سلوک کا خاتمہ، بچوں میں والدین سے ایچ آئی وی کی منتقلی کی روک تھام، مریضوں کے لئے محفوظ خون کی فراہمی، اور منشیات استعمال کرنے والے افراد میں اسکے پھیلاؤ میں کمی لانا شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ اجتماعی قومی و سیاسی عزم، شعبہ جاتی باہمی تعاون، اور مشترکہ ذمہ داری کے ذریعے ہی پاکستان کی موجودہ رکاوٹوں پر قابو پاکر ہی ایڈز کے خاتمے کی جانب پیش رفت کو تیز کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایڈز کے عالمی دن پر آئیے تجدید عہد کریں کہ کوئی بھی سماجی، معاشرتی، معاشی یا انتظامی رکاوٹ اس بیماری کے خلاف ہماری جنگ کی راہ میں حائل نہیں ہوگی اور ہم مل کر ایڈز سے مقابلہ کی حکمت عملی کو جامع، اورمزید مؤثر بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ایڈز فری پاکستان کیلئے آئیے متحد ہو کر ہمدردانہ رویہ اور امید کے ساتھ آگے بڑھیں تا کہ ہر فرد کو تندرست، صحت سے بھرپور اور عزت و وقار کی زندگی میسر آ سکے

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.