اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔صوبہ سندھ میں پی ٹی آئی کی سیاسی و سرگرمیوں پر سندھ حکومت کی مبینہ قدغنوں پر پاکستان تحریک انصاف نے ردعمل دیتے ہوئے شہریوں کو آج کے جلسے میں شرکت کی دعوت دے دی۔ مرکزی شعبہ اطلاعات پاکستان تحریک انصاف سے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران وزیراعلی خیبر پختونخواہ، ان کے وفد اور پاکستان تحریک انصاف سندھ کی تنظیم کی جانب سے کراچی اور حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں مکمل طور پر پرامن، جمہوری اور مثبت سیاسی سرگرمیاں جاری تھیں۔
یہ سرگرمیاں شہر کی شاہراہوں، پریس کلب، گلیوں، محلوں اور عوامی مقامات تک محدود تھیں جہاں عوام کو سابق وزیراعظم عمران خان کی شروع کردہ حقیقی آزادی کی تحریک میں شمولیت کی دعوت دی جا رہی تھی، کراچی کے عوام کی جانب سے ان سرگرمیوں پر غیرمعمولی، پرجوش اور حوصلہ افزا ردِعمل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اس تحریک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کل وزیراعلی خیبر پختونخوا، ان کے وفد اور پارٹی رہنماں نے حیدرآباد کا دورہ کیا جہاں عوام کی بڑی تعداد نے تاریخی استقبال کیا، شاندار ٹرن آٹ دیکھنے میں آیا اور حیدرآباد کے عوام نے مہمانوں کا کھلے دل سے خیرمقدم کیا، تاہم اسی روز واپسی پر وزیراعلی خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی اور ان کے وفد کو موٹروے پر مختلف مقامات پر روکا گیا، راستے بند کیے گئے اور دانستہ طور پر انہیں روکا گیا۔
جس کے باعث 2 گھنٹے کا سفر 8 گھنٹوں میں طے ہوا، یہ طرزِ عمل اس نام نہاد استقبال کی حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے جس کا کریڈٹ سندھ حکومت اور اس کے ترجمان لینے کی کوشش کرتے رہے، مہمان نوازی یہ نہیں ہوتی کہ مہمانوں کو راستوں میں تنگ کیا جائے اور راستے میں رکاوٹیں ڈالی جائیں۔دوسری جانب یہ حقیقت بھی ریکارڈ پر ہے کہ جلسے کے لیے این او سی غیر معمولی تاخیر سے کل شام چھ سے سات بجے کے درمیان جاری کی گئی، اس کے بعد جلسہ گاہ میں جلسے کی تیاریاں جاری تھیں کہ رات کی تاریکی میں سندھ پولیس نے باغِ جناح کی جلسہ گاہ میں موجود نہتے کارکنان پر تشدد کیا، لاٹھی چارج کیا، گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، درجنوں کارکنان کو گرفتار کیا، اب جلسہ گاہ کے اطراف کی تمام سڑکیں سیل کردی گئی ہیں اور کارکنان کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، یہ تمام اقدامات کھلی فسطائیت، سیاسی انتقام اور آئینی حقوق کی پامالی کے مترادف ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف سندھ حکومت کی اس دوغلی پالیسی، جعلی اعلانات اور عملی جبر کی شدید مذمت کرتی ہے، ایسے ہتھکنڈوں سے نہ تو عوام کو ڈرایا جا سکتا ہے اور نہ ہی عمران خان کی قیادت میں جاری تحریک کو روکا جا سکتا ہے، سندھ حکومت کی یہ کارروائیاں اس کے جمہوریت دشمن چہرے کو بے نقاب کرتی ہیں اور اس بات کا ثبوت ہیں کہ استقبال اور اجازت کے دعوے محض ایک سیاسی ڈرامہ تھے، تحریک انصاف کراچی اور گرد و نواح کے عوام کو دعوت دیتی ہے کہ باغِ جناح میں ہونے والے جلسے میں بڑی تعداد میں شرکت کریں، اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ آئیں اور عمران خان، پاکستان و حقیقی آزادی کے لیے زیادہ سے زیادہ تعداد میں آج کے جلسے میں شرکت کیلئے نکلیں