اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت خطے میں جاری کشیدگی کے ملکی معیشت پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سادگی اور کفایت شعاری کے اقدامات پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے کی صورتحال میں غیر یقینی برقرار ہے، اس لیے ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھی جائے اور ضرورت پڑنے پر بروقت اقدامات کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت اس وقت مستحکم ہے، تاہم مستقبل میں خطے کی کشیدگی کے منفی اثرات کے پیش نظر پیشگی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔انہوں نے گزشتہ سادگی اور کفایت شعاری مہم میں عوام کے بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جس پر حکومت ان کی تہہ دل سے مشکور ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ جس طرح عوام نے گزشتہ مہم میں بھرپور ساتھ دیا، اسی جذبے کے ساتھ کفایت شعاری کو قومی سطح پر فروغ دینا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات اور توانائی کی بچت کی قومی مہم میں عوامی تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ بروقت اور مؤثر حکومتی حکمت عملی کے باعث ملک میں ایندھن کی فراہمی کی صورتحال کو بہترین انداز میں برقرار رکھا گیا۔
حکومت نے عام آدمی، موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کے مفادات کا تحفظ کیا، جبکہ حکومتی سبسڈی کے ذریعے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو مؤثر انداز میں کم کیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل میں بھی ان کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔