اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ وفاقی حکومت نے ملک میں قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، برآمدات بڑھانے اور غیر رسمی تجارت کے خاتمے کے لیے قومی جیم اسٹون پالیسی 2026 تا 2030 کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کے تحت نیشنل جیم اسٹون اتھارٹی قائم کی جائے گی، جو اس شعبے کی ترقی، ریگولیشن، برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے مرکزی ادارے کے طور پر کام کرے گی۔ذرائع کے مطابق نیشنل جیم اسٹون اتھارٹی کے قیام کے لیے ابتدائی فنڈنگ وفاقی حکومت فراہم کرے گی، جبکہ پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کو نئی اتھارٹی میں ضم کیا جائے گا۔
نئی پالیسی وفاقی و صوبائی اداروں اور متعلقہ صنعت کے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے۔پالیسی کے تحت برآمدی جیم اسٹونز کی جانچ، معیار کی تصدیق اور سرٹیفکیشن کے لیے نیشنل وارنٹی آفس قائم کیا جائے گا، جبکہ پاکستان کسٹمز اور سنگل ونڈو نظام کے ذریعے برآمدی عمل کو مزید شفاف اور آسان بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق قیمتی پتھروں کی تجارت کو منظم کرنے کے لیے مخصوص ایچ ایس کوڈز متعارف کرائے جائیں گے اور قومی بزنس رجسٹری قائم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ای کامرس کے ذریعے جیم اسٹونز کی برآمدات اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔نئی پالیسی میں جدید کان کنی، کٹنگ، پالشنگ مراکز کے قیام، ہنرمندی کے فروغ اور تربیتی پروگراموں کے اجرا پر بھی توجہ دی گئی ہے تاکہ مقامی صنعت کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دی جا سکے۔حکام کے مطابق حکومت نے 2030 تک جیم اسٹونز کی برآمدات کو 50 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
نئی پالیسی سے بالخصوص گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں معاشی سرگرمیوں، روزگار کے مواقع اور مقامی صنعت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔وزارتِ صنعت کے حکام کے مطابق پاکستان میں جیم اسٹونز کے ذخائر کی مالیت 450 ارب ڈالر سے زائد ہے، تاہم سرکاری برآمدات اس وقت سالانہ صرف 50 سے 70 لاکھ ڈالر تک محدود ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شعبے کی 95 فیصد سے زائد تجارت غیر رسمی ذرائع سے ہوتی ہے، جس کے باعث زرمبادلہ، ٹیکس آمدن اور برآمدی صلاحیت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ستمبر 2025 میں جیم اسٹون شعبے کی ترقی اور اصلاحات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی تھی، جس کی سفارشات کی روشنی میں نئی قومی پالیسی مرتب کی گئی۔