اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا ٹارگیٹڈ آپریشن، 39 دہشتگرد ہلاک، 46 مشتبہ افراد گرفتار، ضلع بنوں میں جاری ٹارگیٹڈ سیکیورٹی آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اہم کامیابیاں حاصل کرنیکا دعویٰ کیا ہے۔ آپریشن کے دوران 39 دہشت گرد ہلاک جبکہ 12 دہشت گرد زخمی ہوئے ہیں ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کواڈ کاپٹر، ایک اینٹی ڈرون گن، 16 مختلف نوعیت کے ہتھیار، 19 دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) برآمد کیے گئے، جنہیں بم ڈسپوزل ٹیم نے محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا حکام کے مطابق ایک زرنج گاڑی بھی قبضے میں لی گئی
جس میں دھماکہ خیز مواد بھرا ہوا تھا اور جسے مبینہ طور پر خودکش گاڑی بم حملے کے لیے استعمال کیا جانا تھا پولیس نے آپریشن کے دوران 46 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے، جن سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں اور قیامِ امن کو یقینی بنانے کے لیے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے تک کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے گی۔خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن پانچویں روز میں داخل، ہزاروں شہری محصور، منتخب نمائندوں کی خاموشی پر عوامی حلقوں میں تشویش ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل اور تحصیل میریان کے مختلف علاقوں اور دیہات میں جاری سیکیورٹی آپریشن پانچویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔
مسلسل کارروائیوں، نقل و حرکت پر پابندیوں اور موبائل و انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث ہزاروں شہری اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، جبکہ روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران متعدد رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو خوراک، ادویات، ایندھن اور دیگر ضروری اشیائے زندگی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں اور شہریوں کو اپنے عزیز و اقارب سے رابطہ نہ ہونے کے باعث ذہنی اذیت کا سامنا ہے، خصوصاً بیرون ملک مقیم بنوں کے رہائشی اپنے اہل خانہ کی خیریت سے متعلق شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔دوسری جانب عوامی حلقوں میں منتخب عوامی نمائندوں کی خاموشی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔