اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، دریا بپھر گئے، درجنوں مکانات منہدم، نشیبی علاقے زیر آب آنے سے پانی گھروں اور کھڑی فصلوں کو ڈبو گیا،مختلف حادثات میں 26افراد جاں بحق اور 50سے زائد زخمی ہوگئے،خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیاہے تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اور پنجاب میں حالیہ مون سون بارشوں، چھتیں اور دیواریں گرنے اور سیلابی ریلوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)خیبرپختونخوا کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 18افراد جاں بحق اور 19افراد زخمی ہو چکے ہیں.پی ڈی ایم اے نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد میں 7مرد، 8بچے اور 3خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11مرد، 4خواتین اور 4بچے شامل ہیں رپورٹ کے مطابق، بارشوں اور فلش فلڈ سے اب تک 28مکانات متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 6گھر مکمل طور پر منہدم جبکہ 22کو جزوی نقصان پہنچا ہے پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال لوئر، دیر لوئر و اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے ہیں علاوہ ازیں، جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں بھی بارش کے دوران مکان کی چھت گرگئی، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور2بچے شامل ہیں ادھر پنجاب ریسکیو 1122کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں بارش اور آندھی کے نتیجے میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے 8افراد جاں بحق جبکہ 37افراد زخمی ہوگئے
گوجرانوالہ میں بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے کے آٹھ مختلف واقعات میں 3 افراد ہلاک اور 14زخمی ہوئے، جبکہ بارش اور کرنٹ لگنے کے تین مختلف حادثات میں ایک شخص کی موت ہوئی اور دو زخمی ہوئے کامونکی میں انڈر پاس میں جمع بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک بچہ جان کی بازی ہار گیا پاکپتن میں کچے مکان کی چھت گرنے سے 2افراد جان سے گئے اور 2زخمی ہوئے، جبکہ ساہیوال کے علاقے کوٹ خادم علی شاہ میں چھت گرنے سے ایک خاتون کی موت ہوگئی ہڑپہ میں دکان کی چھت گرنے سے 3افراد زخمی ہوئے۔لاہور کے علاقے بند روڈ گلشن راوی کے قریب چھت گرنے سے 4افراد زخمی ہوئے، منڈی بہا الدین میں مختلف دیہاتوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے 8افراد زخمی ہوئے، بہاولنگر میں شیڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ سیالکوٹ میں چھت گرنے سے 3افراد زخمی ہوئے مری اور کہوٹہ میں جزوی لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے چنیوٹ میں دریائے چناب کی موجیں مسجد کو بہا لے گئیں نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کیلئے کشتیاں پہنچا دی گئیں جلال پور بھٹیاں میں زمینی کٹا کی وجہ سے کسانوں کی ایکڑوں پر پھیلی فصل زیر آب آگئی ضلع وزیرآباد اور گردونواح میں گزشتہ 36گھنٹوں سے جاری وقفے وقفے کی بارش نے عام زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہیڈ مرالہ، خانکی اور قادر آباد بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے