وزیراعظم اور حکومت عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور ماضی میں پٹرولیم سبسڈی کے لیے بھی ایک جامع نظام متعارف کرایا گیا تھا۔وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی معاہدوں اور دستیاب گنجائش کے مطابق پٹرولیم نظام چلا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم ڈیلرز کے مسائل کے حل کے لیے اوگرا کے ساتھ تفصیلی اجلاس منعقد کیا جائے گا جبکہ ڈیلرز کے مارجن سے متعلق سمری وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیلرز مارجن سمیت دیگر مسائل آئندہ دو ہفتوں میں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار خطے میں جنگ بندی کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کر رہے ہیں اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی کاوشوں میں برکت عطا فرمائے۔اس موقع پر پٹرولیم پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے انفارمیشن سیکریٹری ندیم عزیز نے کہا کہ وزیر پٹرولیم نے تنظیم کے مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے اور حکومت کی جانب سے تحریری یقین دہانی بھی دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کے معاملے پر بھی حکومت کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے۔ندیم عزیز نے اعلان کیا کہ حکومت کی یقین دہانی کے بعد پٹرولیم ڈیلرز نے ملک گیر ہڑتال کی کال فی الحال موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔