بھارت سیاسی پروپیگنڈے سے قانونی حقائق تبدیل نہیں کر سکتا، خواجہ آصف

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سیاسی پروپیگنڈے اور دھونس کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قانونی حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتا۔ بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیانات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی قیادت کے گمراہ کن بیانات جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور اسکے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان پر بھارت کے بے بنیاد الزامات اس کے اپنے ریکارڈ کے باعث ناقابلِ اعتبار ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا بنیادی محرک ہے اور اس کی جارحانہ و توسیع پسندانہ پالیسیاں پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن رہی ہیں۔

خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ بھارتی قیادت کی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی خطے میں بین الریاستی کشیدگی اور تصادم کے خطرات میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن، مذاکرات اور باہمی احترام کی پالیسی پر قائم ہے، تاہم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اس کا عزم غیر متزلزل ہے۔وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیانات کا مقصد ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی بحران اور مودی حکومت کے خلاف عوامی بے چینی سے توجہ ہٹانا ہے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.