عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، میر سرفراز بگٹی

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومت بلوچستان نے گزشتہ مالی سال کے دوران بجٹ میں شامل ترقیاتی منصوبوں کی مکمل تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے اپنے مقررہ ترقیاتی اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے۔ حکومت نے ایک جانب غیر ترقیاتی اخراجات میں 28 ارب روپے کی بچت کی جبکہ دوسری جانب 2,966 ترقیاتی منصوبے مکمل کرکے ترقیاتی وسائل کے مؤثر، شفاف اور نتیجہ خیز استعمال کی نئی مثال قائم کی۔ یہ بات وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی، جس میں گزشتہ اور رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی نے گزشتہ مالی سال کی کارکردگی رپورٹ وزیر اعلیٰ بلوچستان کو پیش کی، جبکہ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا مقررہ ہدف مکمل طور پر حاصل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ میں منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کی مکمل تکمیل یقینی بنائی گئی، جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات میں 28 ارب روپے کی بچت کیساتھ 2,966 ترقیاتی منصوبے پائی تکمیل تک پہنچائے گئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران 2,280 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مؤثر مانیٹرنگ اور سخت نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ترقیاتی اہداف کے کامیاب حصول پر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات، چیف سیکرٹری، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل گڈ گورننس، مؤثر مانیٹرنگ اور مضبوط نگرانی کے نظام کا ثمر ہے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.