اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔تحریک تحفظ آئین پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران الیکشن کمیشن کی جلد از جلد تعیناتی کے لیے حکومت سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔سوموار کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اعلی سطحی اجلاس محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں علامہ ناصر عباس جعفری، سلمان اکرم راجہ، سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف، اور سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، حسین احمد یوسفزئی اور خالد یوسف چوہدری نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملکی سیاسی و آئینی صورتحال سمیت اہم قومی امور پر تفصیلی غور و خوض اور ملک میں جاری سیاسی ، معاشی اور سیکورٹی کے بحرانوں اور ان پر حکومتی عدم توجہ پر فکر مندی کا اظہار کیا گیا۔ اِجلاس میں قائدِ حزب اختلاف محمود اچکزئی نے شرکا کی توجہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کے حوالے سے حکومتی بے اعتنائی اور آئینی ذمہ داری پوری نہ کرنے کی جانب دلائی اور آگاہ کیا کہ بطور قائد حزب اختلاف انھوں نے نئے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کے آئینی ضابط کار پر عمل درآمد اور آئینی پراسیس کے آغاز کے لیے وزیراعظم پاکستان کو باقاعدہ خط لکھ دیا ہے۔ اجلاس میں اِس امر پر حیرانگی اور تشویش کا اظہار کیا گیا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران اپنی آئینی مدت کے خاتمہ کے بعد بھی کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور وزیراعظم کی جانب سے اب تک نئے ممبران کی تقرری کا آئینی پراسیس نہیں شروع کیا گیا۔
اجلاس نے یہ قرار دیا کہ تمام برائیوں اور بحرانوں کی جڑ متنازع اور غیر شفاف انتخابات ہیں اور تحریک تحفظ آئین پاکستان سمجھتی ہے کہ صاف، شفاف اور آزادانہ انتخابات کے لیے غیر جانب دار اور خودمختار الیکشن کمیشن کا قیام ناگزیر ہے۔ لہذا وزیراعظم اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کر کے فی الفور اِس اہم آئینی پراسیس کا آغاز کریں۔تحریک تحفظ آئین پاکستان سابق وزیراعظم اور قائد پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ عمران خان محض ایک قیدی نہیں بلکہ کروڑوں پاکستانیوں کے قائد اور راہبر ہیں اور اس وقت ریاستی اداروں کی تحویل میں ہیں۔