اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے 18 اگست کے عبوری حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کردی۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا عبوری حکم دائرۂ اختیار سے تجاوز کرتا ہے، اس لیے اس پر نظرثانی ضروری ہے۔
حکومت نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ جیل سے کسی قیدی کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کا باقاعدہ قانونی طریقہ کار موجود ہے، جس میں متعلقہ حکام کی منظوری، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کے ذریعے کارروائی اور پولیس نگرانی سمیت دیگر قانونی تقاضے شامل ہیں۔
درخواست میں پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 197 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قیدی کو جیل سے باہر علاج کے لیے منتقل کرنے سے متعلق طریقہ کار قانون میں واضح ہے۔ حکومت کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ اور علاج جیل میں بھی باقاعدگی سے ہوتا رہا ہے اور متعدد مرتبہ میڈیکل بورڈ ان کا معائنہ کرچکے ہیں۔
وفاقی حکومت نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق صورتحال کا تعین طبی ماہرین کی رائے کی روشنی میں کیا جانا چاہیے تھا۔ درخواست میں یہ اعتراض بھی اٹھایا گیا ہے کہ معاملہ پہلی مرتبہ سپریم کورٹ کے سامنے آیا اور متعلقہ فریقین کو باقاعدہ نوٹس جاری کیے بغیر عبوری حکم دیا گیا۔
حکومت نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ 18 اگست کے عبوری حکم پر نظرثانی کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم واپس لیا جائے۔