پاکستانی اداکارہ میرا پر گھریلو ملازمہ پر تشدد کا الزام،ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملازمہ نے بیان بدل لیا

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔معروف پاکستانی اداکارہ میرا اور ان کی گھریلو ملازمہ کے درمیان مبینہ تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں مبینہ طور پر اداکارہ میرا کو اپنی گھریلو ملازمہ کے ساتھ بحث کرتے دیکھا جا سکتا ہے،

 

جس کے بعد دونوں کے درمیان صورتحال کشیدہ ہونے اور ہاتھا پائی کا منظر بھی دکھائی دیتا ہے۔ تاہم ویڈیو کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

واقعے کے بعد گھریلو ملازمہ یاسمین نے ایک انٹرویو میں الزام عائد کیا کہ اسے مبینہ طور پر متعدد مرتبہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث اس کے چہرے اور جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں۔ ملازمہ نے اداکارہ کی ذہنی کیفیت سے متعلق بھی دعوے کیے۔

دوسری جانب یاسمین کی ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں وہ اپنے پہلے بیان سے مختلف مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کرتی ہیں کہ ان کی سابقہ ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کی گئی تھی۔ یاسمین نے میرا کو بہت اچھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی ان کے گھر میں کام کر رہی ہیں۔

یوں واقعے سے متعلق دونوں ویڈیوز میں سامنے آنے والے متضاد بیانات نے معاملے کو مزید الجھا دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے بھی اس حوالے سے مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ میرا ماضی میں بھی مختلف ویڈیوز، بیانات اور تنازعات کے باعث خبروں میں رہی ہیں۔ چند سال قبل ایک ٹی وی چینل پر میک اپ آرٹسٹ کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور تشدد کے معاملے میں بھی ان کا نام سامنے آیا تھا۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.