اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کوئٹہ میں متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد شہر میں گیس کی فراہمی بحال ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کے مطابق 18 انچ قطر کی متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت مکمل ہوچکی ہے اور آج اسے دوبارہ گیس سپلائی کے لیے بحال کیے جانے کا امکان ہے۔
گیس حکام کا کہنا ہے کہ بحالی کے مرحلے کے دوران صارفین احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ گیس کی بحالی کے وقت اپنے گھروں کے مین گیس والوز عارضی طور پر بند رکھیں۔
حکام نے مزید ہدایت کی ہے کہ گیس کی فراہمی بحال ہونے سے قبل چولہے، گیزر اور دیگر گیس سے چلنے والے آلات کو اچھی طرح چیک کرلیا جائے۔ کسی بھی آلے سے گیس کے اخراج یا خرابی کی صورت میں اسے استعمال نہ کیا جائے اور متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے۔
سوئی سدرن گیس حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد سے گیس کی بحالی کے دوران ممکنہ حادثات سے بچا جاسکتا ہے۔ شہریوں کو گیس کی بو محسوس ہونے کی صورت میں فوری طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔