اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ بلوچستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان، ترقیاتی عمل اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق 28واں دفاعی و جائزہ اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر کوئٹہ نے کی اجلاس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، عوامی فلاح و بہبود اور مختلف وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مربوط اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بلوچستان کے درخشاں مستقبل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا اجلاس میں صوبائی و وفاقی اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے، باہمی رابطہ اور تعاون کو بہتر بنانے سمیت صوبے کے وسیع تر مفاد میں مزید اقدامات پر غور کیا گیا اجلاس کے دوران صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے اہم علاقوں میں مرحلہ وار سیف سٹی پروجیکٹ فعال کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔
شرکاء نے اس منصوبے کو شہریوں کے تحفظ، نگرانی کے نظام میں بہتری اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا۔ 28ویں دفاعی و جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں صوبے میں امن و استحکام کے حوالے سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر تین ہفتوں بعد منعقد ہونے والے دفاعی و جائزہ اجلاس کا بنیادی مقصد سابقہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینا، درپیش مسائل کی نشاندہی کرنا اور ان کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقاعدگی سے ہونے والے اجلاسوں سے اداروں کے درمیان رابطہ بہتر ہوا ہے اور امن و استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں تسلسل پیدا ہوا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور عوامی خوشحالی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔