اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر عوام پر مظالم ڈھا رہی ہے، حکمران اپنی عیاشیاں ختم کرنے کے بجائے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال رہے ہیں۔ غریبوں سے پٹرولیم لیوی بھتہ وصول کرنے کی بجائے حکمران اپنی بڑی گاڑیاں، مفت پٹرول کیوں ختم نہیں کرتے؟
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرنگ کراس چوک میں جماعت اسلامی کے دھرنے کے پندرھویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر لاہور ضیا ء الدین انصاری اور دیگر راہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ انتظامیہ نے لیاقت باغ کو تالے لگا کر اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکن تالے توڑ کر اندر جانے کے لیے تیار تھے لیکن قیادت نے انہیں روکا ہے۔
خبردار کیا کہ اگر حکومت نے جلسے کی اجازت نہ دی تو اسلام آباد اور راولپنڈی میں احتجاج ہوگا اور تمام سڑکیں بند کردی جائیں گی۔پھر ہم ذمہ دار نہیں ہوں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے ابتدا ء میں جماعت اسلامی سے رابطہ کیا تھا اور جماعت اسلامی نے مذاکرات کے لیے طریقہ کار بھی بتادیا تھا۔ ہم نے مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کیے۔ اب حکومت کو سمجھ آگیا ہے کہ جماعت اسلامی ایسے جانے والی نہیں ہے۔
3 ستمبر کو بھرپور ملک گیر ہڑتال ہوگی اور اس کے بعد تحریک کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ملک کی مجموعی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نظام گل سڑ چکا ہے اور کسی شعبے میں عوام کو ریلیف نہیں مل رہا۔ اساتذہ، ڈاکٹرز اور مزدور مہنگائی سے پریشان ہیں، جبکہ لوگوں کی جان و مال محفوظ نہیں۔
انہوں نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور بلوچستان میں بدامنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا موجودہ نظام عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکا ہے۔ پاکستان میں اب بھی انگریزوں کا بنایا ہوا نظام قائم ہے اور انتخابی نظام میں بھی بڑی خرابیاں ہیں۔ موجودہ انتخابی نظام میں زیادہ تر جاگیردار ہی آگے آتے ہیں، جس کے باعث نوجوان مایوس ہیں اور ملک چھوڑنے کی خواہش رکھتے ہیں۔