اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔سابق وفاقی وزیر اور سیاستدان فواد چوہدری نے امریکہ اور ایران کے تنازعہ کے باعث ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہمسایہ ممالک سے موازنہ پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے اعداد و شمار کا موازنہ کرتے ہوئے حکومت کی معاشی پالیسیوں کی قلعی کھول دی، انہوں نے خطے کی صورتحال پر لکھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان فوجی تصادم کے آغاز سے لے کر اب تک پاکستان کی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 114روپے فی لیٹر کا بھاری اضافہ کیا، اس کے برعکس اسی دوران بھارت نے پٹرول کی قیمتوں میں صرف 7روپے فی لیٹر اور بنگلہ دیش نے صرف 24ٹکا فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔
فواد چوہدری نے عوامی معاشی مشکلات کے باوجود حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات اور شاہ خرچیوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک طرف عوام معاشی بحران کا شکار ہیں اور دوسری طرف صرف تین دنوں کے اندر 40ارب روپے کی نئی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں، مریم نواز 11ارب روپے کا جہاز لے کر لندن میں چھٹیوں پر موجود ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آٹا، پیاز اور دیگر روزمرہ کی تمام اشیا کی قیمتوں کو پر لگ چکے ہیں، اس صورتحال میں مثر اپوزیشن کی عدم موجودگی کی وجہ سے موجودہ حکمران عوام کو اس بے دردی سے لوٹ رہے ہیں جیسے تاریخ میں منگولوں نے بغداد کو لوٹا تھا۔