صوبے میں ریاستی رٹ کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے، شاہد رند

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے مستونگ کے علاقے کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مستونگ کے علاقے کنک وادی میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے چوکی پر حملے کی بزدلانہ کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا انہوں نے کہا کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا سیکیورٹی فورسز نے تعاقب کیا اور کارروائی کے دوران مزید 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، جس کے بعد کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 موٹرسائیکلوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے شاہد رند نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ سیکیورٹی فورسز نے ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں سے واضح کردیا ہے کہ ریاست دشمن عناصر کے لیے بلوچستان میں کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ صوبے کے امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاستی رٹ کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.