اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ پارٹی میں فارورڈ بلاک کے امکانات فی الحال دکھائی نہیں دے رہے، تاہم کسی بھی امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا۔ سابق چیئرمین تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے رہنماؤں نے واضح کیا ہے کہ یہ ملاقات قانونی نوعیت کی تھی، اس سے کسی بڑے سیاسی بریک تھرو کی توقع نہیں۔ ان کے مطابق سیاسی معاملات میں پیش رفت کے لیے سیاسی نوعیت کی ملاقات ضروری ہے۔اڈیالہ جیل میں سابق چیئرمین تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی سے ہفتہ وار ملاقات کے لیے منگل کے روز پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر، جنرل سیکریٹری سلیمان اکرم راجہ اور نیاز اللہ خان نیازی جیل کے باہر پہنچے، تاہم انہیں بالترتیب گورکھپور اور فیکٹری ناکوں پر روک لیا گیا۔
گورکھپور ناکے پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں بیرسٹر سلمان صفدر کی سابق چیئرمین سے ملاقات خوش آئند ہے۔ ایسی ملاقاتیں ہونی چاہئیں کیونکہ ان سے تناؤ میں کمی آتی ہے اور آگے بڑھنے کا راستہ نکلتا ہے۔انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ سابق چیئرمین نے خیبرپختونخوا حکومت کے خاتمے کو اچھا اقدام قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات مکمل طور پر غلط اور من گھڑت پروپیگنڈا ہے، سابق چیئرمین نے ایسی کوئی بات نہیں کی بلکہ بیرسٹر سلمان صفدر کے ساتھ زیادہ تر قانونی امور پر گفتگو ہوئی۔بیرسٹر گوہر نے سابق چیئرمین کی صحت کے حوالے سے مطالبہ کیا کہ انہیں ذاتی معالجین تک رسائی دی جائے اور ضرورت کے مطابق ہسپتال منتقل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اس مطالبے پر آج بھی قائم ہے۔ سابق چیئرمین کو اسلام آباد کی جیل یا بنی گالہ منتقل کیے جانے سے متعلق خبریں بھی درست نہیں اور ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہو رہا۔
دوسری جانب فیکٹری ناکے پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلیمان اکرم راجہ نے کہا کہ بیرسٹر سلمان صفدر کی سابق چیئرمین سے ملاقات پارٹی پر کوئی احسان نہیں بلکہ نظام کی ضرورت تھی، کیونکہ سابق چیئرمین کے مقدمات آگے نہیں بڑھ رہے تھے۔ سلمان صفدر نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ سابق چیئرمین سے ملاقات کے بغیر وہ دلائل نہیں دیں گے۔سلیمان اکرم راجہ کے مطابق ملاقات میں قانونی پہلوؤں کے ساتھ سابق چیئرمین اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ ملاقات کے بعد جو بھی قانونی راستہ مناسب ہوگا، اختیار کیا جائے گا۔
بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق سابق چیئرمین جیل میں بلند حوصلے کے ساتھ موجود تھے، ان کی جسمانی کیفیت اور جذبہ قابل دید تھا اور وہ کسی صورت اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ سلیمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ یہ ملاقات قانونی نوعیت کی تھی، اس سے کسی بڑے بریک تھرو کی امید نہیں رکھنی چاہیے۔ ان کے بقول جس ملاقات کی ضرورت ہے وہ سیاسی نوعیت کی ہے اور جب تک ایسی ملاقات نہیں ہوگی، معاملات آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔