اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ محسن نقوی وقت سے پہلے بالغ ہوگئے ہیں، انہیں وضاحت کرنی چاہیے انہوں نے کس حیثیت میں بیان دیا ہے، اگر نظام ناکام ہے تو محسن نقوی حکومت سے کہیں کہ مستعفی ہو جائے یا پھر محسن نقوی خود استعفیٰ دے دیں لیکن انہوں نے نوکری بھی اسی تنخواہ میں کرنی ہے اور باتیں بھی بڑی بڑی کرنی ہیں،جمعیت علماء اسلام صوبوں کے قیام کی اصولی طور پر مخالف نہیں لیکن کیا یہ وقت صوبوں کے قیام کے لیے درست ہے؟
، بلوچستان میں حکومت کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے، محمود خان اچکزئی علاقائی،حلقے یا قومیت کے بجائے ملکی سطح پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں جس میں مسائل پر بات ہو، ملک میں سب سے بڑی اسٹریٹ پاو ر جمعیت علماء اسلام کے پاس ہے،نوجوانوں کو جذباتی ہو کر تحریک نہیں بلکہ تجربہ کار سیاستدانوں کی تقلید کرنی چاہیے۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری،اراکین صوبائی اسمبلی میر زابد علی ریکی، فضل قادر مندوخیل، جمعیت علماء اسلام کے رہنما ملک سکندر خان ایڈوکیٹ، آغا محمود شاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے
۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بلوچستان کے حالات ابتر ہوچکے ہیں مسلح گروہ فعال ہین عوام پریشان ہیں لوگ اپنے علاقوں میں نہیں جاسکتے نہ گھروں میں محفوظ ہیں لیکن معاملات چلانے والے صورتحال سے غافل ہیں ملک میں اس وقت کوئی بھی قومی پالیسی نہیں ہے جس سے ملک کو بحرانوں سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا استعمال مسائل حل نہیں ہے اس سے مسائل الجھتے ہیں آج کشمیر کے لوگ بھی اضطراطب میں ہیں 2ماہ سے وہ کہہ رہے ہیں کہ مسائل کا حل نکالیں حکومت نہ انہیں جواب دے رہی ہے اور نہ کردار ادا کرنے دے رہی ہے اس وقت قومی سطح پر مشاورت اور انصاف پر مبنیٰ پالیسی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے، ڈویژن، اضلاع، تحصیلیں بنانا انتظامیہ معاملہ ہے بھارت میں بھی صوبے بنے ہمیں ملک کی انتظامی ساکھ کا مطالعہ کرنا چاہیے۔