اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے (آج) 5اگست سے عمران خان کی رہائی تحریک کا آغاز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اعتماد کا ووٹ کھو بیٹھے، سسٹم لپیٹ کر نئے انتخابات کرائے جائیں، سسٹم کو ری سیٹ ہونا چاہئے، کسی کیساتھ رابطے میں نہیں، سیاسی درجہ حرارت بڑھنے سے ملک،وفاق خطرے میں پڑ جاتا ہے، جو لوگ سسٹم کو سنبھالے ہوتے ہیں ان کی ذمہ داری ہے لوگوں کو اکھٹا بٹھا کر مسائل کا حل ڈھونڈیں۔
منگل کو اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سب سے پہلے وزیرداخلہ نے سوال اٹھایا اور ساتھ ہی اہم اتحادی نے وزیراعظم کو دھاندلی زدہ قرار دے دیا ہے، ایسے میں وزیراعظم کو فوری اسمبلی اجلاس بلا کر اعتماد کا ووٹ لینا چاہئے تھا مگر وزیراعظم اس میں ناکام رہے اس لئے حکومت بھی اب نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ایک قومی حکومت کی ضرورت ہے، عدم اعتما کا ایک طریقہ کار ہے اس کیلئے ایک مخصوص نمبر چاہے اس کیلئے اتحادیوں سے مشورہ کریں گے، پیپلز پارٹی کو بھی دھاندلی زدہ سمجھتا ہوں آپ کا نیشنل انٹرسٹ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا ایک عوامی مطالبہ رہا ہے
ہم نہیں سمجھتے اس ایوان کے پاس یہ استحقاق ہے کہ اس ایشو پر آگے بڑھا جائے، یہ ایسے عوامی مطالبات ہیں جن پر اتفاق رائے کی ضرورت ہے کوئی دو رائے نہیں کہ سسٹم کو ری سیٹ ہونا چاہیے یہ ضرور کہوں گا اس کے ڈیفالٹ موڈ پر کس نے لگایا؟۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد آج تک کوئی پارٹی سربراہ تین سال جیل میں نہیں رہا، ولی خان بھی مسلسل تین سال جیل میں نہیں رہے جبکہ آصف زرداری پارٹی سربراہ نہیں تھے، عمران خان پہلے لیڈر ہیں جنہیں اتنا لمبا عرصہ جیل میں رکھا گیا، 5اگست کو عمران خان کی رہائی کی تحریک کا آغاز کریں گے۔