اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام مشکلات کے باوجود کشمیری عوام کا حوصلہ، استقامت اور ثابت قدمی آج بھی غیر متزلزل ہے۔ اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی پُرامن اور منصفانہ جدوجہد آج بھی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔عالمی برداری کوذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔کشمیریوں کے یومِ استحصال پر پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آج یومِ استحصال کے موقع پر حکومتِ پاکستان اور پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ بھرپور انداز میں غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
ہم اس دن کو اس عزم کے ساتھ مناتے ہیں کہ دنیا کو بھارت کے 5 اگست 2019 کے ان غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے سنگینی کی یاد دہانی کرائی جائے جنکے ذریعے اس نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی صریحا خلاف ورزی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سات برس گزر جانے کے باوجود یہ غیر قانونی اقدامات نہ تو جموں و کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کر سکے ہیں اور نہ ہی کشمیری عوام کے اپنے جائز حقِ خودارادیت کے حصول کے عزم پختہ کو کمزور کر سکے ہیں۔
ان اقدامات نے بھارتی ریاستی جبر میں اضافہ کیا، بنیادی آزادیوں کو محدود کیا اور غیر قانونی قانون سازی و انتظامی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی مکروہ کوششوں کو مزید تیز کیا۔ بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں عوام کی حقیقی سیاسی قیادت کو مسلسل دبانا، شہری آزادیوں پر قدغنیں عائد کرنا اور آزاد ذرائع ابلاغ پر پابندیاں برقرار رکھنا شدید تشویش کا باعث ہے۔