اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بعض عناصر لاپتہ افراد اور عوامی حقوق کی آڑ میں نوجوانوں کو تشدد پر اکسانے اور ریاست مخالف بیانیہ پروان چڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ایسے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
پاکستان کی انتہائی پیشہ ورانہ، منظم اور باصلاحیت مسلح افواج، پیرا ملٹری فورسز، پولیس اور لیویز کی موجودگی میں چند پرتشدد عناصر ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹوئٹر)پر منعقدہ اوپن ایکس اسپیس کے دوران مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، نوجوانوں، سب نیشنلسٹ حلقوں، این جی اوز کے نمائندوں، ناقدین اور سول سوسائٹی کے ارکان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔
اوپن اسپیس میں ایک موقع پر شرکا کی تعداد سولہ ہزار سے تجاوز کر گئی جہاں وزیراعلی نے سخت اور تنقیدی سوالات کے بھی حقائق، اعداد و شمار اور شواہد کی بنیاد پر تفصیلی جوابات دیے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح بلوچستان کے نوجوان ہیں اور اسی مقصد کے لیے یوتھ انگیجمنٹ پلان حکومت کا سب سے اہم پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کے پاس نوجوانوں کی قومی دھارے میں شمولیت، انہیں مثبت مواقع فراہم کرنے اور روشن مستقبل کی جانب گامزن کرنے کے لیے دس سے بارہ مختلف منصوبے زیر عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مایوسی، انتہاپسندی اور تشدد کے بجائے تعلیم، ہنر، روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہی دیرپا امن کی ضمانت ہے انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ضلع کی ضروریات اور معاشی استعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے الگ الگ ترقیاتی منصوبے تیار کر رہی ہے جس میں گوادر کے نوجوانوں کے لیے فشریز اور سمندری معیشت سے متعلق خصوصی مواقع بھی شاملہیں، جبکہ دیگر اضلاع کے لیے بھی ان کی مقامی ضروریات کے مطابق منصوبے ترتیب دیے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں کو ایپکس کمیٹی میں منظوری کے بعد مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے
وزیراعلی نے کہا کہ بعض گروہوں نے لاپتہ افراد اور عوامی حقوق کے نام پر نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور انہیں تشدد کی راہ پر ڈالنے کی کوشش کی۔ ایسے عناصر مختلف علاقوں میں جا کر نوجوانوں کو ریاست کے خلاف اکسانے اور پرتشدد کارروائیوں کے لیے بھرتی کرنے کی کوشش کرتے رہے، تاہم حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، تعلیم، مکالمے اور روزگار کے ذریعے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے پہلی مرتبہ پنشن اصلاحات نافذ کیں، گزشتہ مالی سال کے دوران غیر ترقیاتی اخراجات میں چودہ ارب روپے کی کمی کی، جبکہ صوبے میں الیکٹرک وہیکلز پالیسی بھی متعارف کرائی جا رہی ہے