پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے، دفتر خارجہ

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر بھارتی تبصر ے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اس حوالے سے کوئی قانونی یا اخلاقی اختیار حاصل نہیں،بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کو توجہ دینی چاہیے، وزیراعظم، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کا تین روزہ دورہ سعودی عرب، خطے کی صورتحال اور فلسطین سمیت اہم امور پر مشاورت ہوگی، آبنائے ہرمز میں مثبت پیش رفت سے مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی

ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی تعاون کے فروغ کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف عالمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی پرعزم ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سعودی عرب کے تین روزہ دورہ پر ہیں۔ اس دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوگی، جس میں پاک۔سعودی تعلقات، خطے کی کشیدہ صورتحال، فلسطین، ایران۔امریکا تنازع اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ واشنگٹن میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی مذاکرات کا چوتھا دور منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خلاف تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ مذاکرات میں داعش خراسان، القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ لبریشن آرمی کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق کینبرا میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سینئر آفیشلز مذاکرات اور مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا، جہاں سیاسی، تجارتی، اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے اور دوطرفہ شراکت داری مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی ایک بار پھر مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی اور دیرینہ مؤقف پر قائم ہے اور اس تنازع کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر بھارتی تبصروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اس حوالے سے کوئی قانونی یا اخلاقی اختیار حاصل نہیں، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کو توجہ دینی چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے آئندہ ملاقات میں پاک سعودی تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.