ثقافتی وقار اور قومی ترقی ساتھ ساتھ آگے بڑھتے رہیں،بلاول

اُستمان نیوز۔۔۔۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یومِ ثقافتِ سندھ کے موقع پر سندھ کے عوام سمیت پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سندھی ثقافت پاکستان کے متنوع ثقافتی گلدستے کا ایک روشن اور خوش رنگ پھول ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کی ثقافت دنیا کی قدیم ترین اور مضبوط تہذیب، انڈس سولائزیشن کی وارث ہے، جہاں سے دانائی، سخاوت اور انسان دوستی کا پیغام نسل در نسل منتقل ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی اجرک، سندھی ٹوپی، شاعری اور موسیقی محض علامتیں نہیں بلکہ ایک عظیم اور زندہ تہذیب کی دھڑکن ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی ہر وفاقی اکائی کی ثقافتی شناخت کے تحفظ اور احترام پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ثقافتی ترقی کو فروغ دینے اور درخشاں روایات کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

پارٹی اس امر کو بھی یقینی بناتی رہے گی کہ ثقافتی وقار اور قومی ترقی ساتھ ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے بھی یومِ ثقافتِ سندھ پر سندھ اور پوری قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت ہماری روح کا آئینہ اور پاکستانی تہذیب کی روشن وارث ہے۔ سرزمینِ سندھ کا صوفیانہ فلسفہ، لوک روایات، موسیقی اور مہمان نوازی کی لازوال روایتیں ہمیں انسانیت، بردباری اور باہمی احترام کا درس دیتی ہیں۔سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی تنوع ہمارے اتحاد کی مضبوطی اور قومی شناخت کا اصل سرچشمہ ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ اپنی جڑوں سے محبت کرے اور سندھ کی ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ثقافت کے تحفظ، ترویج اور فنونِ لطیفہ کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ یومِ ثقافتِ سندھ کو جوش و خروش سے مناتے ہوئے امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کیا جائے

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.