بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے،سیدال خان

اُستمان نیوز۔۔۔۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف اراکینِ پارلیمنٹ، وکلا، سماجی تنظیموں، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر مشتمل مختلف وفود نے ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں ملکی ترقی، عوامی ریلیف، ایوان بالا میں مؤثر قانون سازی،ملکی معیشت کی بہتری،قومی یکجہتی اور سماجی بہبود کے متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایوانِ بالا عوامی مسائل کے حل اور ملک کی مجموعی ترقی و خوشحالی کے لیے جامع اور بامقصد قانون سازی پر بھرپور توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہتر حکمتِ عملی، بروقت پالیسی فیصلوں اور معاشی اصلاحات کے باعث ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے، مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ عوام کا معیارِ زندگی بھی بہتر ہو رہا ہے۔

معاشی بہتری کا یہ سلسلہ آئندہ مہینوں میں مزید مثبت نتائج سامنے لائے گا اور اس کے ثمرات عوام کو منتقل ہوں گے۔بلوچستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور وفاقی حکومت صوبے میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر کی بحالی اور نوجوانوں کے لیے معاشی و تکنیکی مواقع کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بلوچستان کے عوام کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جو ملک کے دیگر حصوں میں میسر ہیں، تاکہ صوبہ قومی ترقی کے سفر میں بھرپور طور پر شریک ہو سکے۔وکلا، عوامی نمائندوں اور سول سوسائٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے سیدال خان نے کہا کہ یہ طبقات معاشرے کی ترقی اور جمہوری نظام کے استحکام کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلا نہ صرف آئین و قانون کے محافظ ہیں بلکہ انصاف کی فراہمی اور جمہوری قدروں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

عوامی نمائندے اپنی عوام کی آواز بن کر قانون سازی کے عمل کو مضبوط کرتے ہیں جبکہ سول سوسائٹی انسانی حقوق، سماجی انصاف اور فلاحی سرگرمیوں میں قابلِ قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی ترقی، معاشی استحکام، بہتر گورننس، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع اور عوامی سہولتوں کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور حکومت کے باہمی تعاون سے ہی ترقی کا سفر تیز کیا جا سکتا ہے اور آج پاکستان اسی تعاون اور مشترکہ عزم کے ساتھ نئی امنگ اور روشن مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کو ایک جدید، ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے پرعزم ہے، جہاں ہر شہری کو انصاف، مساوی ترقی کے مواقع اور بہتر معیار زندگی کی سہولتیں دستیاب ہوں

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.