اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے پٹرولیم درآمدات کم کرنے میں مدد ملے گی، صارفین کے طویل مدتی اخراجات میں کمی آئے گی اورماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی اورہدایت کی ہے کہ وزیراعظم کے ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-2028 پر عملدرآمدکیلئے ڈیش بورڈز کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھا جائے۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت فنانس تک رسائی سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم کے ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-2028 پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی کو ایس ایم ای، زراعت اور ہاؤسنگ فنانس کیلئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ترجیحی شعبوں کیلئے قرضوں تک رسائی بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا، ہول سیل فنانسنگ کیلئے مجوزہ فریم ورک کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ہول سیل فنانسنگ فریم ورک بینکوں سے رائے لینے کے بعد حتمی کیا جائے گا۔ایس ایم ای، زرعی اور ہاؤسنگ فنانس کیلئے ڈیش بورڈز اور پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈیش بورڈز کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں زرعی شعبے کیلئے فنانسنگ بڑھانے اور کاشتکاروں تک قرضوں کی رسائی میں توسیع پر غور کیا گیا اورکمیٹی میں کراپ لون انشورنس اسکیم کو ایریا ییلڈ انشورنس کی جانب بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی ۔