اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج اور پارلیمانی سیکرٹری سردار زادہ صمد خان گورگیج نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان کی حالت، عوامی مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں گڈ گورننس کا قیام اور عوام کے مسائل کا فوری حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
صوبے کے تمام اضلاع میں بلا تفریق ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے تاکہ پسماندگی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام رہنما اور وڑنری قیادت صوبے کی خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے متحد ہیں۔اس موقع پر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج اور پارلیمانی سیکرٹری سردار زادہ صمد خان گورگیج نے صوبائی حکومت کی جانب سے عوامی فلاح کیلئے کیے جانے والے اقدامات اور صوبے میں امن و امان کی بحالی کیلئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیر کے روز یہاں صوبائی وزراء ، اراکین صوبائی اسمبلی، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء میر ضیاء لانگو، میر عاصم کرد گیلو اور نوابزادہ میر طارق مگسی، قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری، اراکین صوبائی اسمبلی میر زابد ریکی، رحمت صالح بلوچ اور ڈاکٹر محمد نواز کبزئی، پارلیمانی سیکرٹری میر عبدالصمد گورگیج اور اصغر ترین، پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج، جمعیت علمائاسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع ، جرمنی کے اعزازی قونصل میر مراد بلوچ ، سابق ضلع ناظم سبی میر حیر بیار خان ڈومکی شامل تھے۔