اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ پاکستان اور بحرین کے درمیان اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور پاکستان کو مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے پر مبارکباد دی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو کے دوران بحرینی وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے پر مبارکباد پیش کی اور جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحرینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے ارادے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ پر کاربند ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی امن و سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔