اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع خضدار سے مویشی دیگر اضلاع منتقل کرنے پر عائد پابندی پر عملدرآمد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مویشی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی اور ایس ایس پی خضدار دوشتن دشتی کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی
جس میں اسسٹنٹ کمشنر حفیظ اللہ کاکڑ، صدر تھانہ کے ایس ایچ او محمد یوسف چانڈیو، ریاض احمد اور پولیس ٹیم نے حصہ لیا کارروائی کے دوران صدر تھانہ کی حدود میں ایک مزدا گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی، جہاں بڑی تعداد میں مویشی دوسرے ضلع منتقل کرنے کے لیے لوڈ کیے جا رہے تھے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مویشیوں کی غیر قانونی منتقلی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گاڑی کو تحویل میں لے لیا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشیوں کی غیر قانونی منتقلی سے مقامی منڈیوں میں جانوروں کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے
جس کے پیش نظر ہر سال ضلع سے مویشی باہر لے جانے پر پابندی عائد کی جاتی ہے تاکہ مقامی شہریوں اور بیوپاریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے بعد ازاں ضبط کیے گئے تمام مویشی مقامی مویشی منڈی میں مقامی بیوپاریوں کی موجودگی میں نیلام کیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مستقبل میں بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔