اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ایرانی حکام نے بتایا ہے کہ جنوبی ایران میں حالیہ امریکی حملوں کے نتیجے میں 30سے زائد شہری شہید ہوئے ہیں۔ ایرانی وزارتِ صحت کے ترجمان حسین کرمان پور کے مطابق ایران پر ہونے والے تازہ امریکی حملوں میں 260سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ ایرانی حکام کے مطابق زخمیوں میں 3خواتین اور 18سال سے کم عمر 6بچے بھی شامل ہیں۔ایرانی وزارتِ صحت کے ترجمان کے مطابق زخمی ہونے والے افراد میں سے 222کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق حملوں میں شہید ہونے والوں میں متعدد خواتین بھی شامل ہیں۔ایرانی وزارتِ صحت کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کے ترجمان نے شہدا کی مجموعی تعداد واضح نہیں کی تاہم جنوبی ایران میں 30سے زائد شہریوں کی ہلاکت کا دعوی سامنے آیا۔ایرانی فوج نے کہا ہے کہ جنوب مشرقی ایرانشہر میں واقع بمپور گیریژن پر امریکی حملے میں 388ویں بریگیڈ کے 7اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق فوج نے حملے کو بزدلانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مناسب وقت پر فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔فوج کے بیان کے مطابق امریکی افواج نے 13میزائل داغے، جنہوں نے فوجی بیرکس کے مختلف حصوں کو نشانہ بنایا، حملوں میں مہمان خانہ، گارڈ پوسٹس اور رہائشی سہولتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج کا کہنا تھا کہ غیر فعال دفاعی اقدامات کی بدولت جانی نقصان کو محدود رکھا گیا، جبکہ حملوں کا مقصد زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانا تھا۔دوسری جانب ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے دعوی کیا کہ گزشتہ چند روز کے دوران جنوبی ایران پر امریکی حملوں میں 30سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حکومت سوگوار خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتی ہے اور جاں بحق افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔فاطمہ مہاجرانی نے یہ بھی کہا کہ حکومت پوری قوت کے ساتھ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، جنوبی ایران اس سر زمین کا دھڑکتا ہوا دل ہے۔