گوادر کی ترقی و خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، چیف سیکرٹری

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انتظامی، مالیاتی اور ترقیاتی امور سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ بلوچستان زاہد سلیم سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو گوادر میں جاری اور مکمل کیے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں، شہر کی تعمیر و ترقی، شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ جی ڈی اے گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت شہر کو جدید تقاضوں اور عالمی معیار کے مطابق ترقی دینے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جی ڈی اے کی میونسپل سروسز کے تحت شہر کی شاہراہوں اور گلیوں کی صفائی، بیچز کی صفائی، ڈرینج اور سیوریج لائنوں کی صفائی و دیکھ بھال، گرین بیلٹس اور مختلف گراؤنڈز میں شجرکاری، درختوں کی حفاظت و دیکھ بھال، واٹر سپلائی اور ڈسٹری بیوشن کے نظام کی نگرانی سمیت مختلف شہری خدمات انجام دی جا رہی ہیں۔ اسی طرح شہر میں غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور تعمیراتی سرگرمیوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق لانے کے لیے بھی باقاعدہ کارروائیاں جاری ہیں۔اجلاس میں جی ڈی اے کے انتظامی ڈھانچے، ہیومن ریسورس، مالیاتی امور اور بجٹ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل نے ادارے کے جاری و نئے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، رواں مالی سال میں مختص ترقیاتی فنڈز اور مختلف منصوبوں کے لیے درکار اضافی مالی وسائل سے متعلق بھی تفصیلی آگاہ کیا۔گوادر میں پانی کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ سوڈ ڈیم میں پانی کا سطح کم ہونے کے بعد اس وقت شادی کور سے روزانہ پانی پمپ کرکے گوادر شہر کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ شادی کور پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی سہولت دستیاب نہ ہونے کے باعث جنریٹرز کے ذریعے مسلسل پمپس چلائے جا رہے ہیں

جس کے نتیجے میں ایندھن اور آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں اضافی فنڈز کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ شادی کور پمپنگ اسٹیشن کو پسنی گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی کے لیے علیحدہ فیڈر کی تنصیب سے متعلق پی سی ون صوبائی حکومت کو منظوری کے لیے پیش کیا جا چکا ہے، جس پر جلد پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.