اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ عمران خان تو اڈیالہ جیل میں انجوائے کر رہا ہے، اٹھا کر سبی جیل میں پھینکیں۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی نے اڈیالہ جیل کے باہر ایک تماشا لگایا ہوا ہے، ان کی بہنوں اور پوری قوم کو ایک کیفیت میں مبتلا کیا ہوا ہے، رات کے اندھیرے میں وہ چاہتے ہیں کہ اڈیالہ جیل کے باہر ایک واقعہ رونما ہو جائے جس کو بھیس بنا کر ایک نئے انتشار کی طرف بڑھیں، عمران خان کو اٹھا کر سبی جیل میں پھینکیں، ہتھکڑی لگا کر اٹک جیل کی چار دیواری میں رکھیں تو اِسے پتہ لگے جیل کہتے کسے ہیں، یہ تو اڈیالہ جیل میں انجوائے کر رہا ہے، جیسے نواز شریف کو رکھا گیا ویسے رکھا جائے تو جیل کا اندازہ ہوگا۔
ہر روز جیل کے قیدی سے ملاقات ممکن نہیں لیکن بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے رات کے اندھیرے میں احتجاج کیا جاتا ہے، مجرموں سے دن کے وقت ملاقات ہوتی ہے، رات کے اندھیرے میں کوئی واقعہ ہو جائے تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس کو روکا جائے کیوں کہ دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوا تو ذمہ داری کس پر ہوگی؟۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کا کہنا ہے کہ ہمارے والد کو جن حالات میں جیل میں رکھا گیا ہے کہ وہ انتہائی شرمناک ہے، انہیں پینے کے لیے گندا پانی دیا جاتا ہے جب کہ کھانے کا معیار بھی انتہائی خراب ہے، عمران خان کو اپنے ذاتی معالج تک رسائی حاصل نہیں، انہیں اس کوٹھری میں رکھا گیا ہے۔
جس میں سزائے موت کے قیدیوں کو رکھا جاتا ہے، اِن چھوٹی چھوٹی کوٹھریوں میں بمشکل دن کی روشنی آتی ہے اور اکثر بجلی بھی کاٹ دی جاتی ہے۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ کی تشدد سے متعلق خصوصی نمائندہ ایلس جِل ایڈورڈز کی جانب سے بھی حال ہی میں جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 26 ستمبر 2023 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے کے بعد سے عمران خان کو مبینہ طور پر حد سے زیادہ قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جہاں انہیں دن میں 23 گھنٹے ان کے سیل میں رکھا جاتا ہے، بیرونی دنیا تک ان کی رسائی بھی انتہائی محدود ہے، انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے تحت طویل یا غیر معینہ قید تنہائی ممنوع ہے، لہذا بنا کسی تاخیر کے عمران خان کی قید تنہائی ختم کی جائے