۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔وزیر مملکت داخلہ اینٹی نارکوٹکس سینیٹر طلال بدر چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سمیت کسی خاتون کی بے حرمتی نہیں کی گئی، یہ پوائنٹ سکورنگ کیلئے بیانیہ بنایا گیا، راستے روکنے کی بجائے مناسب جگہ پر احتجاج کریں تو سکیورٹی اور تحفظ فراہم کریں گے، استعفوں سے عدلیہ سیاسی ججوں سے پاک ہوئی ہے،26 ویں اور 27ویں آئینی ترامیم چارٹر آف ڈیموکریسی کے مطابق 18 ویں آئنی ترمیم میں شامل ہونا تھیں، ترامیم سے 2004 میں بننے والے چارٹر آف ڈیموکریسی پر عملدر آمد ہوا ہے۔حکومت کا مرکزی نقطہ سیاسی استحکام ہے جس سے معاشی اور ملک کے وجود کا استحکام جڑا ہوا ہے، سیاسی استحکام کیلئے پارلیمنٹ جب چاہے گی ترامیم کرے گی۔
جمعیت اہل حدیث کے علماء کے ہمراہ پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر خواتین کی بے حرمتی نہیں کی گئی، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں ہمارے لیے قابل احترام ہیں،سیاسی اختلافات کے باوجود ان کا تحفظ اور احترام ہم پہ واجب ہے۔ ہماری ان سے گزارش ہے کہ وہ احتجاج کے لیے راستے میں نہ بیٹھیں،لوگوں کیلئے مشکلات نہ کھڑی کریں،راستے سے انہیں کئی گھنٹے تک ہٹانے کی کوشش کی گئی،خواتین سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں اپنے حصار میں لیا اور باعزت طور پر احترام کے ساتھ محفوظ جگہ پر منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوائنٹ سکورنگ کے لیے کبھی خواتین کی بے حرمتی اور کبھی انڈا پھینکنے کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی قید میں جتنی ملاقاتیں کروائی گئی ہیں کسی اور قیدی کی نہیں کروائی گئیں، جیل میں ان کی سیاسی شخصیات،وکلا، لیگل ٹیم، ڈاکٹرز اور فیملی کے ساتھ ملاقاتیں ہوتی ہیں،بانی پی ٹی آئی کو ورزش کیلئے ایک بہت بڑا ایریا دیا گیا ہے، کچن اور کھانے پینے کی تمام سہولیات میسر ہیں جن میں دیسی مرغیاں بھی شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ استعفے نظام عدل کے لیے اچھے ہیں، اگر مزید استعفے آئیں گے تو نظام عدل اور عدلیہ سیاست سے پاک ہوگی۔
19 ویں ترمیم کے بعد نظام عدل میں بہت کچھ ایسا شامل کیا جو کہ نظام انصاف کے لیے بہتر نہیں تھا۔تعیناتیوں کی 2035 تک کی پلاننگ کی گئی، باریاں باندھی گئیں، پسند ناپسند کی بنیاد پر تعیناتیوں کی فہرست تیار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی کو آئینی حلف سے زیادہ سمجھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ استعفوں نے عدلیہ کو سیاسی ججوں سے پاک کر دیا ہے۔ ججز کو چاہیے کہ وہ آئین کے مطابق چلیں،کسی کی خواہشات، گٹھ جوڑ،ذاتی انا و تسکین اور ساس و بیوی کے کہنے پر معاملات نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے استحکام میں علماء کی حمایت اور کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا،استحکام میں علماء کا کردات فرقہ واریت، دہشت گردی اور ملک میں عدم استحکام لانے کی کوششوں کو روکنے کے لیے انتہائی اہم ہے، ہم ان کے تعاون کے مشکور ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے،پارلیمنٹ ترمیم اورآئین سائزی نہیں کرے گی تو کیا کرے گی، آئین کی 17 ویں اور 18 ویں ترامیم اگر کسی کو اچھی لگتی تھیں تو 26 ویں اور 27 ویں ترامیم بھی اسی پارلیمنٹ نے کی ہیں، پارلیمنٹ کا کام پارلیمنٹ کو کرنے دیا جائے۔ترامیم سے پاکستان میں استحکام اور نظام عدل میں بہتری کا وقت آنے پر پتہ چل جائیگا کہ ان ترامیم کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ 26 ویں اور 27 ویں ترامیم کے بعد ملک میں استحکام بڑا ہے اور سیاسی استحکام کیلئے پارلیمنٹ جب چاہے گی ترامیم کرے گی،حکومت کا مرکزی نقطہ سیاسی استحکام ہے۔
سیاسی استحکام سے معاشی استحکام اور ملک کے وجود کا استحکام جڑا ہوا ہے،اس لیے ہم ملکی بہتری کے اقدامات کی ذمہ داری کو قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ ہونا چاہیے آئین کی 19 ویں ترمیم میں پارلیمنٹ کو میونسپل کارپوریشن بنا دیا گیا تھا، کارپوریشن ملک نہیں چلا سکتی،آئین 26 اور 27 ویں ترمیم کے بعد پارلیمنٹ پارلیمنٹ بنی ہے انہوں نے کہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی کے تحت 18ویں ترمیم میں 27 ویں ترمیم شامل ہونا تھی تاہم اس وقت اتفاق نہ ہو سکا۔ اب چارٹر آف ڈیموکریسی پر عمل ہوا ہے، 2004ء میں چارٹرآف ڈیموکریسی لکھا اور اس پر عملدرآمد کاعہد کیا گیا لیکن ا س پر عملدر آمد کا موقع اب آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی بہتری اور استحکامِ کے لیے گورننس، فنانشل بیلنس بارے مزید معاملات جماعتوں کے ساتھ ڈسکس کیے جائیں گے اور اتفاق رائے سے اگے بڑھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 26 ویں اور 27 ویں ترامیم کی پی ٹی آئی نے مخالفت نہیں کی،26 ویں ترمیم میں ان کی طرف سے دی گئی تمام ضمنی ترامیم کو شامل کیا گیا اور اتفاق رائے لیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمٰن نے پی ٹی آ ئی کی مشاورت سے 26 ویں ترمیم کیلئے ووٹ دیا اور 27 ویں آئینی ترمیم میں بھی اچھے بچوں کی طرح رکاوٹ نہیں ڈالی کیونکہ وہ اسے ضروری سمجھتے ہیں