۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔صوبائی الیکشن کمیشن بلوچستان کے زیرِ اہتمام، بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں، دفترِ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کوئٹہ میں ماسٹر ٹرینرز کے لیے تربیتی سیشن منعقد ہوا، جس میں 24 ماسٹر ٹرینرز نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ٹریننگ الیکشن کمیشن آف پاکستان، ساجد علی اور ڈائریکٹر ایڈمن محمد نعیم احمد نے ماسٹر ٹرینرز کو تربیت فراہم کی۔ تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزاد، منصفانہ اور شفاف بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
تمام افسران پر زور دیا کہ وہ انتخابی عمل کی شفافیت، غیرجانبداری اور قانون کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اس تربیت کا مقصد ماسٹر ٹرینرز کی استعدادِ کار میں اضافہ کرنا اور انہیں انتخابی امور، پولنگ اسٹیشنز کے انتظام، ضابطہ اخلاق کے نفاذ، انتخابی مواد کی ترسیل و وصولی، اور انتخابی دن کے دوران مؤثر و شفاف رابطہ کاری سے متعلق رہنمائی فراہم کرنا تھا تاکہ وہ بعد میں عملے کو معیاری تربیت فراہم کر سکیں۔صوبائی الیکشن کمشنر،جناب علی اصغر سیال نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانتداری اور مکمل غیرجانبداری کے ساتھ انجام دیں، تاکہ کوئٹہ میں شفاف اور پْرامن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔ تربیت کے اختتام پر شرکاء کو موک ایکسرسائز کٹس بھی فراہم کی گئیں