۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کی سرزمین سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ قومی اتفاقِ رائے سے کیا جا رہا ہے، مجھ سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خلاف افواج کے شانہ بشانہ ہے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دو الگ الگ کارروائیاں کی گئیں۔
خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مہمند میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جب کہ ٹانک میں جھڑپ کے دوران ایک دہشتگرد انجام کو پہنچا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے کہا گیا کہ آپریشن کے بعد متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، آپریشن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تیزکر دی گئی ہیں، دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی پوزیشن کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق کرم میں ایک کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج ہلاک کیے گئے، کرم میں ہی خفیہ اطلاع پر دوسری کارروائی میں 11 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس کا عمل جاری ہے، ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشتگردی مہم جاری رکھیں گے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خوارج کے خلاف دونوں کارروائیاں خفیہ اطلاعات پر کی گئیں، علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تلاش کے لیے آپریشن تیز کر دیا ہے۔واضح رہے کہ عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
ادھر اپنے ایک پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وطنِ عزیز کا دفاع پوری ثابت قدمی سے کر رہے ہیں۔صدر زرداری نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورک کو توڑنے پر سکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ قومی اتفاقِ رائے سے کیا جا رہا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کرم میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خلاف افواج کے شانہ بشانہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عزم استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے، خیبر پختونخوا میں فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں