بلوچستان کا مسئلہ طاقت سے حل کرنا حکومت کی خام خیالی ہے، لیاقت بلوچ

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمد شہی سے جماعتِ اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے اپنے وفد کے ہمراہ محمد شہی ہاؤس میں ملاقات کی۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اسلم بلوچ، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، مرکزی ترجمان علی احمد لانگو، مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فدا حسین دشتی، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری میران بلوچ، مرکزی کمیٹی کے رکن چیئرمین محراب بلوچ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

جماعتِ اسلامی کے وفد میں صوبائی نائب امیر زاہد اختر بلوچ،،صوبائی نائب امیر مولانا عارف دمڑ،رکن صوبائی شوری غلام یاسین بلوچ، ضلعی جنرل سیکرٹری اعجاز محبوب،ایجوکیشن سیکرٹری،طیب فرید سوشل میڈیا سیکرٹری روح اللہ شامل تھے۔ملاقات کے دوران لیاقت بلوچ نے نیشنل پارٹی کی قیادت کو آئندہ ماہ کے آخر یا ستمبر کے اصل میں منعقد ہونے والی قومی کانفرنس برائے بلوچستان کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور باقاعدہ شرکت کی دعوت دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمد شہی نے لیاقت بلوچ اور ان کے وفد کی آمد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ ملک کی تمام جمہوری و سیاسی قیادت بالعموم پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کی سنگین صورتحال پر سنجیدہ اور بامقصد مکالمہ کرے۔

بلوچستان کے عوام منفی پالیسیوں اور غیر جمہوری رویوں کے باعث ریاست سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ عوام کو اپنے ووٹ کے ذریعے حقیقی نمائندے منتخب کرنے کا حق نہیں دیا جاتا، بلکہ ان کی حقِ نمائندگی سلب کرکے فارم47کے ذریعے نتائج مسلط کیے جاتے ہیں، جس سے عوام کا ریاست پر اعتماد مزید مجروح ہو رہا ہے۔میر کبیر احمد محمد شہی نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ بنیادی طور پر ایک سیاسی مسئلہ ہے، جس کا پائیدار حل صرف سیاسی مذاکرات اور بامعنی بات چیت سے ہی ممکن ہے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.