پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب بھر میں دفعہ 144نافذ، پشاور موٹروے بند ، جلسے جلوس پر پابندی

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے فوج و رینجرز کی تعیناتی کیلئے وقاق کو خط لکھ دیا ہے اور صوبے بھر میں دفعہ 144نافذ کر دی جس کے تحت عوامی مقامات، شاہراہوں یا کھلی جگہ پر 5سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کر دی گئی جبکہ ممکنہ لانگ مارچ کے پیشِ نظر پنجاب حکومت نے 27ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی بھی درخواست کر دی،پشاور موٹر وے ایم ون رات 11بجے سے تاحکم ثانی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144نافذ کر دی،نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں دفعہ 144کا نفاذ 23ستمبر سے 5اکتوبر تک کے لیے کیا گیا ہے، عوامی مقامات پر ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ نے عوامی مقامات، شاہراہوں یا کھلی جگہ پر 5سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کر دی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق لوگوں کو غیر قانونی اجتماعات میں شرکت کے لیے اکسانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نمازِ جنازہ، تدفین، مساجد و دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہو گا، عوامی امن اور جان ومال کو لاحق سنگین خطرات کے پیشِ نظر دفعہ 144نافذ کی گئی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر صوبے میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی کے لیے وفاق کو خط لکھ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات جاری ہیں اور پنجاب حکومت نے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کیلئے وفاق کو خط لکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ نے راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کی ہے ، صوبائی حکومت نے راولپنڈی میں بھی فوج کی تعیناتی بھی مانگی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تعیناتی کی درخواست کی ہے، خط میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی 5اکتوبر تک مانگی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 27ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ دریں اثناء پاکستان تحریکِ انصاف کے 27ستمبر کو ممکنہ لانگ مارچ کے پیشِ نظر پنجاب حکومت نے 27ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈان گریڈ کرنے کی درخواست کر دی۔ذرائع کے مطابق ضلع اٹک، راولپنڈی کے مخصوص علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ بندش کی درخواست کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش اور سگنل کمزور کرنے کی درخواست کی گئی۔پنجاب حکومت نے درخواست امن و امان کی متوقع صورتِ حال کے پیش نظر کی، خط میں سینٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور کے خط کا حوالہ دیا گیا ہے۔

ذرائع محکمہ داخلہ نے کہا کہ راولپنڈی میں مخصوص مقامات پر انٹرنیٹ جیمنگ کی درخواست کی گئی ہے، راولپنڈی میں براہمہ، بحتر، ٹیکسلا، واہ صدر اور چکری کے علاقے شامل ہیں ادھر اسلام آباد میں ممکنہ سکیورٹی اقدامات کے پیش نظر موٹروے ایم ون بدھ کی رات سے اسلام آباد سے چھچھ انٹرچینج تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر نے کا بتایاگیا ہے ،ترجمان موٹروے پولیس نے موٹروے ایم ون کو بدھ شام سے اسلام آباد سے چھچھ انٹرچینج تک اور موٹروے ایم 14ہکلہ سے کنڈل ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر نے کا بتایاگیا جس کے بعد 23ستمبر سے موٹروے ایم 2پر لاہور سے بڑی اور کارگو گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اسلام آباد جانے والی بڑی گاڑیاں جی ٹی روڈ کا متبادل راستہ اختیار کریں گی،موٹروے ایم 2اور ایم 3پرموجود گاڑیوں کو کالاشاہ کاکو سے جی ٹی روڈکی طرف موڑ دیا جائے گا۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ این 5بدھ شام سے اٹک خورد کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ، پابندی کے دوران ڈرائیور متبادل راستے اور ٹریفک کی صورتحال سے متعلق موٹروے پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.