ملتان(اُستمان نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر کوئی آرڈر کے ذریعے ریفرنڈم، آئینی ترمیم یا نئے صوبے بنانا چاہتا ہے تو وہ نہیں بنیں گے، مجھ سے آرڈر کے ذریعے کوئی آئینی ترمیم نہیں کرائی جا سکتی۔میڈیا کے مطابق ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی آرڈر کے ذریعے ریفرنڈم، آئینی ترمیم یا نئے صوبے بنانا چاہتا ہے تو وہ نہیں بنیں گے اور ان سے آرڈر کے ذریعے کوئی آئینی ترمیم نہیں کرائی جا سکتی، ری سیٹ پاکستان صرف 1973 کے آئین کے تحت ہی ہو سکتا ہے اور اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات میں انارکی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم ایسے کسی اقدام کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے، فی الحال کچھ باتیں ادھوری چھوڑ رہا ہوں اور جلد ہی ملتان میں میٹ دی پریس کرکے مزید تفصیلات سامنے لاوں گا۔نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آئین میں نئے صوبے بنانے کا باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے، سرائیکی صوبے کے قیام کے لیے کئی سالوں تک پارلیمانی جدوجہد کی گئی اور اس کی حمایت کے پیچھے ٹھوس آئینی منطق موجود ہے، سرائیکی صوبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سے مشترکہ طور پر منظور ہو چکی ہے اور اس کے لیے مکمل طور پر آئینی راستہ اپنایا گیا ہے، دوسری جانب سندھ اسمبلی اور عوامی نمائندوں نے سندھ کی تقسیم کو مسترد کیا ہے۔
ورکرز کنونشن کے علاوہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے غوث الاعظم روڈ پر واقع گیلانی کالونی ملتان میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اور ان کے چچا زاد بھائی مخدوم سید علی رضا گیلانی کے انتقال پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا، بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، مرحوم کے صاحبزادے مخدوم سید کبیر گیلانی اور ان کے بھائیوں سید محمد رضا گیلانی اور سید اسد مصطفی گیلانی سے بھی اظہارِ ہمدردی کیا اور اس سانحے پر گیلانی خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہونے کا اظہار کیا۔بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی، ان کی مغفرت، بلندیِ درجات اور جنت الفردوس میں اعلی مقام کے لیے دعا کی، اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل، استقامت اور حوصلے کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں وہ چیئرمین سینیٹ اور پورے گیلانی خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی رکھتے ہیں۔