بلوچستان کے مسائل و مشکلات کو ہر فورم پر اجاگر کیا جائیگا، مولانا ہدایت الرحمن

کوئٹہ(اُستمان نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی صوبے کے عوام کے مسائل اجاگر اور ان کے حل کے لیے پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کر رہی ہے۔ کوئٹہ کا بدل دو نظام جلسہ عام انتہائی کامیاب، منظم اور تاریخی ثابت ہوا۔جلسہ عام سے عوام میں خوف، دہشت اور ناامیدی کی فضا میں کمی آئی ہے جبکہ جماعت اسلامی پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔ بلوچستان کے مسائل کا حل جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ممکن ہے۔

قومیت اور مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں سمیت مختلف خوشنما نعروں کے ذریعے عوام کو سبز باغ دکھانے والوں کو آزمانے کے بعد اب عوام کی امیدیں صرف جماعت اسلامی سے وابستہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں جلسہ عام کے جائزے کے حوالے سے منعقدہ ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضی خان کاکڑ، نائب امرا زاہد اختر بلوچ، مولانا عبدالکبیر شاکر، مولانا محمد عارف دمڑ، مولانا حافظ نور علی سمیت دیگر صوبائی و ضلعی ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ذمہ داران نے جلسہ عام میں عوامی شرکت، انتظامی و تنظیمی امور اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے تاریخی جلسہ عام نے جماعت اسلامی کی عوامی مقبولیت اور کارکنان کی تنظیمی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

جلسے میں عوام، نوجوانوں اور کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کے عوام امن، حقوق، روزگار اور بنیادی سہولیات کے حصول کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد کے خواہاں ہیں۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل، بدامنی کے خاتمے، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف اور عوام کے آئینی و جمہوری حقوق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد مزید تیز کرے گی۔ جلسہ عام کے بعد عوامی رابطہ مہم کو بھی مزید وسعت دی جائے گی۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.