قلات میں لیسہ مینیاسس کے مفت علاج کا مرکز مکمل طور پر فعال

قلات، 27 ستمبر 2025 – بلوچستان کے تاریخی شہر قلات کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میں قائم لیسہ مینیاسس (سال دانے) کے مفت علاج کا مرکز اب مکمل طور پر فعال ہو گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن (ریٹائرڈ) جمیل احمد بلوچ کی ٹیم لیڈر حیثیت میں انتھک کوششوں سے سینکڑوں مریض صحت یاب ہو رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کی مسلسل نگرانی کی بدولت قلات کے سرکاری محکموں نے عوام الناس کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنا شروع کر دی ہیں۔ 2022 میں قائم ہونے والے اس مرکز میں اب تک 2,184 سے زائد مریضوں کو رجسٹرڈ کر کے ٹیسٹ کیا گیا اور انہیں علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔

لیسہ مینیاسس بیماری سینڈ فلائی کے کاٹنے سے پھیلتی ہے، جو بلوچستان کے صحرائی علاقوں اور پہاڑوں کے دامن میں پائی جاتی ہے۔ مریضوں کے علاج کے لیے جرمنی کی تیار کردہ Glucantime انجیکشن استعمال کیے جاتے ہیں، جو مہنگے ہونے کے ساتھ مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کی کوششوں سے محکمہ صحت حکومت بلوچستان اور عالمی ادارہ صحت (WHO) نے یہ انجیکشن قلات کے مریضوں کو مفت فراہم کیے ہیں۔

اب تک مرکز کو 14,400 انجیکشنز موصول ہو چکے ہیں، جبکہ ہر مریض کو 10 سے 30 انجیکشنز تک دیے جاتے ہیں۔ پروگرام کی نگرانی ڈسٹرکٹ ہیلتھ مانیٹرنگ کمیٹی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کر رہے ہیں، اور رجسٹریشن و علاج کا عمل آن لائن اور شفاف طریقے سے چلایا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ قلات بلوچستان کا واحد مرکز ہے جہاں استعمال شدہ خول محفوظ کیے جاتے ہیں تاکہ انجیکشن کے مؤثر استعمال اور فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ماہرین صحت نے ہدایت کی ہے کہ سینڈ فلائی زمین سے ایک فٹ کی بلندی تک اڑ سکتی ہے اور جسم کے کھلے حصے پر کاٹتی ہے، اس لیے عوام سوتے وقت چارپائی یا مچھر دانی استعمال کریں اور جسم ڈھانپ کر سوئیں۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ اگر کسی میں سال دانے کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال قلات رجوع کریں اور مفت ٹیسٹ و علاج سے استفادہ حاصل کریں۔ ڈپٹی کمشنر، محکمہ صحت اور WHO کی مشترکہ کوششوں سے گھر گھر جراثیم کش اسپرے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔ عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.