اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔بولی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اپنے بہترین اور قیمتی انتخاب کے لیے جانے جاتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے دنیا کے مشہور لگژری برانڈ جیکب اینڈ کمپنی کے ساتھ مل کر ایک نئی اور خصوصی گھڑی متعارف کرائی ہے۔اس گھڑی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں سلمان خان ایک خوبصورت ڈبے کو کھولتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
ڈبہ کھولنے سے پہلے سلمان خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ کچھ بہت خاص ہونے والا ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ واقعی خاص ہوگا۔ اس کے بعد انہوں نے چند لمحوں تک گھڑی کو غور سے دیکھا اور پھر اسے اپنی کلائی پر پہنتے ہوئے کہا کہ یہ بہت خوبصورت ہے، جیکب میرے بھائی تم نے کمال کر دیا ہے، یہ واقعی شاندار ہے اور مجھے یہ بہت پسند آئی ہے۔اس گھڑی کی قیمت 41 لاکھ بھارتی روپے (تقریبا ایک کروڑ 18 لاکھ پاکستانی روپے)بتائی گئی ہے۔ یہ گھڑی صرف ایک قیمتی فیشن آئٹم نہیں بلکہ اس میں بھارت کی ثقافتی جھلک بھی شامل کی گئی ہے۔
یہ پانی سے محفوظ رہنے والے خاص مادے اور مضبوط شیشے سے بنائی گئی ہے۔ گھڑی کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا ڈیزائن ہے۔گھڑی کے ڈائل پر دنیا کا نقشہ بنایا گیا ہے جبکہ اس کے مختلف حصوں میں بھارتی پرچم کے رنگوں، یعنی زعفرانی اور سبز رنگ، سے متاثر عناصر استعمال کیے گئے ہیں۔ گھڑی کا پٹا نیلے رنگ کے چمڑے سے تیار کیا گیا ہے اور اسے محفوظ رکھنے کے لیے پن بکل لاک لگایا گیا ہے۔کمپنی کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں بتایا گیا ہے کہ یہ گھڑی درست وقت، آرٹ اور ثقافت کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے اور ان لوگوں کے لیے بنائی گئی ہے جو دنیا میں کہیں بھی جائیں اپنی شناخت اور ورثے کو ہمیشہ ساتھ رکھتے ہیں۔