اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ عمران خان بالکل فٹ ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن کا بیان قطعی اور فیصلہ کن ہے، بانی کی بہن اور ذاتی ڈاکٹر کا اطمینان بخش بیان بیرون ملک حامیوں نے پسند نہیں کیا۔
بیرون ملک بیٹھے پی ٹی آئی کے حامیوں کو ایک ایسے ماحول کی ضرورت ہے جس میں غم اور بے چینی پیدا ہو، تاکہ خوف و ہراس پھیلے، بڑے پیمانے پر احتجاج شروع ہوں، اورایسا بحران پیدا ہو جو حکومت کی تبدیلی اور بانی کی واپسی کا باعث بن سکے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے، صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش اب بھی غیر ملکی میڈیا کے ذریعے جاری ہیں۔وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ کیا اس بات پر اصرار کیا جا رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت تیزی سے خراب ہو رہی ہے؟
یہ ایک ایسا من گھڑت دعویٰ جس کی انہیں شدید ضرورت ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے سلیمان خان اور قاسم خان آخری بار 2022میں نائیکوپ پر پاکستان آئے تھے اور آج بھی اگر وہ چاہیں تو پاکستان آسکتے ہیں۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہاکہ دونوں کے نائیکوپ کارڈز موثرہیں اس لیے یہ تاثر دینا غلط ہے کہ حکومت انہیں ویزا نہیں دے رہی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے بیٹوں کے پاس نائیکوپ موجود ہونے کی صورت میں ،انہیں پاکستان آنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں اور وہ جب چاہیں پاکستان کا سفر کرسکتے ہیں۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ سلیمان خان کا نائیکوپ موجود ہے جو 6جنوری 2030تک موثرہے، جبکہ قاسم خان کا نائیکوپ بھی موجود ہے جو 8نومبر 2032تک موثرہے۔انہوں نے کہاکہ خاندان یا پی ٹی آئی کی جانب سے یہ تاثر دینا کہ حکومت عمران خان کے بیٹوں کو ویزے جاری نہیں کر رہی، درست نہیں، کیونکہ نائیکوپ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو پاکستان آنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔