اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان پیدا ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں پیر کے روز خام تیل کی قیمتیں تقریبا پانچ سے سات فیصد تک گرگئی ہیں، جس کے بعد آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)آج عالمی نرخوں کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین کرے گی، اگر عالمی مارکیٹ میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں ریلیف ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں وقتی کمی اور سفارتی کوششوں کی بحالی سے وابستہ امیدیں ہیں، گزشتہ 13روز تک جاری رہنے والے حملوں کے بعد ہفتے اور اتوار کے دوران امریکہ نے مزید کارروائی سے گریز کیا جبکہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ مذاکرات کو ایک اور موقع دینا چاہتے ہیں اور اسی مقصد کے تحت فوجی کارروائی روک دی گئی ہے۔
دوسری جانب ایران نے بھی اپنے پڑوسی ممالک کے خلاف جوابی حملے روکنے کا عندیہ دیا، جس سے خلیجی خطے میں بحری آمدورفت اور تیل کی ترسیل کے حوالے سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال میں وقتی کمی آئی ہے، ایران کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق عمان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں سرمایہ کاروں کا اعتماد کسی حد تک بحال ہوا اور خام تیل کی قیمتوں پر دبا کم ہوگیا۔